قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کا چوتھا راؤنڈ مکمل

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)کے سی سی اے اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سنٹرل پنجاب نے خیبرپختونخوا کو 35 رنز سے شکست دے دی۔ 5 رنز کی سبقت سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سنٹرل پنجاب کی پوری ٹیم میچ کے آخری روز 231 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔عمران ڈوگر74 اور بلاول اقبال نے ناٹ آؤٹ 55 رنز کی اننگز کھیلیں۔ 237 رنز کے تعاقب میں کے پی کی پوری ٹیم 56.2 اوورز میں 201 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پہلی اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے کامران افضل نے دوسری اننگز میں 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اوپنر مصدق احمد 70 اور مہران ابراہیم 43 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب کے 138 رنز کے جواب میں کے پی کی پوری ٹیم 133 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

ٹی ایم سی گراؤنڈ کراچی میں کھیلے گئے میچ میں جلات خان کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت بلوچستان نے ناردرن کوایک اننگز اور 63 رنز سے ہرادیا۔ دوسری اننگز میں 67 رنز کے عوض 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے والے اسپنر جلات خان نے میچ میں کُل 10 وکٹیں حاصل کیں۔ 206 رنز کے خسارے سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی ناردرن کی پوری ٹیم میچ کے آخری روز 143 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ناردرن کے صرف تین بلے باز ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے، ضیاد خان نے 81 رنز بنائے۔حیات اللہ نے میچ میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل ناردرن کے 169 رنز کے جواب میں بلوچستان نے مقررہ 83 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 375 رنز بنائےتھے۔ اویس ضیاء نے سب سے زیادہ 108 اور اکبر الرحمٰن نے 79 رنز بنائے۔ شہباز خان 62 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہےتھے۔ ناردرن کے فرحان شفیق نے 4 جبکہ راجہ فرزان نے 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے سدرن پنجاب کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔ سندھ نے میچ کے آخری روز 145 رنز کا مطلوبہ ہدف 38.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ جاہد علی 55 اور دانش عزیز 36 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ سعد خان نے 42 گیندوں پر 41 رنز بنائے۔اس سے قبل سدرن پنجاب نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز سے میچ کے آخری روز اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو اس کی پوری ٹیم 167 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ پہلی اننگز میں 23 رنز کی سبقت کی بنیاد پر سدرن پنجاب نے سندھ کو جیت کے لیے 145 رنز کا ہدف دیا تھا۔ابرار احمد نے 53 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔انہوں نے میچ میں مجموعی طور پر 8 وکٹیں اپنے نام کیں۔پہلی اننگز میں سدرن پنجاب کے 126 رنز کے جواب سندھ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 149 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔سدرن پنجاب کے علی عثمان نے 34 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔

error: Content is protected !!