لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں آج ایچ بی ایل پی ایس ایل کے فائنل میں ٹکرائیں گی

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کا فائنل آج 17 نومبر بروز منگل کی رات 8 بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔ اس تاریخی فائنل میں روایتی حریف لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔یہ دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ ایونٹ کے فائنل میں پہنچی ہیں۔

کورونا وائرس کی عالمی وباء کے باعث آٹھ ماہ تک تعطل کا شکار ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ کے کے بقیہ چار میچز کا آغاز 14 نومبر کو کوالیفائر سے ہوا۔ ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے مابین کھیلے گئے اس سنسنی خیز کوالیفائر کا فیصلہ سپر اوور پر ہوا تھا۔اس روز کھیلے جانے والےدوسرے میچ یعنی ایلیمنٹر ون میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو شکست دی تھی۔

ایونٹ کا دوسر ایلیمنٹر لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے مابین کھیلا گیا، جہاں لاہور قلندرز کے آلراؤنڈر ڈیوڈ ویزےنے زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتےہوئے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

ایونٹ کا فائنل دنیا بھر میں براہ راست نشر کیاجائے گا۔ توقع کی جارہی ہے کہ دنیا بھر میں موجود کرکٹ کے کروڑوں مداح اس فائنل کو براہ راست دیکھیں گے۔ پاکستان میں کرکٹ فینز پی ٹی وی اسپورٹس اور جیو سوپر پر یہ فائنل دیکھ سکتے ہیں۔

دیگر ممالک میں یوکے میں ہم مصالحہ، اسکائے نیوزی لینڈ اور یورواسپورٹس انڈیا کی براڈکاسٹ بیم دستیاب ہوگی۔ ایونٹ کی لائیو اسٹریمنگ پی ایس ایل کے آفیشل یوٹیوب چینل پر (پاکستان سے باہر) دستیاب ہوگی۔

پاکستان میں مداحوں کے لیے لائیو اسٹریم یہاں موجودہوگی:
bsports.pk, tapmad.com, tv.jazz.com.pk and goonj.pk

دونوں کپتانوں نے ایونٹ کے فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے:

عماد وسیم، کپتان کراچی کنگز:

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا ہے کہ ہم نے کوالیفائر میں بہت اچھی کرکٹ کھیلی تاہم میچ کا اختتام بہتر نہ کرسکے، اسکواڈ میں تمام کھلاڑی باصلاحیت ہیں، ہم فائنل میں بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔

عماد وسیم نے کہا کہ ہم یہ فائنل ڈین جونز کے لیے کھیلیں گے، وہ ہمارے ڈریسنگ روم میں ایک والد سی شخصیت تھے، ہم یہ ٹرافی جیت کر انہیں خراج عقیدت پیش کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کنگز کے اسکواڈ پر فائنل کا کوئی اضافی دباؤ نہیں، ہمارے لیے یہ بالکل ایک نئے میچ کی طرح ہے، کوشش کریں گے کہ یہاں بہترین کاکردگی کا مظاہرہ کرسکیں۔

سہیل اختر، کپتان لاہور قلندرز:

سہیل اختر نے کہا ہے کہ ایونٹ کے فائنل میں پہنچنا ہمارے لیے ایک بڑی کامیابی ہے، ہم پانچ سال سے اس دن کے لیے محنت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال لاہور قلندرز کی کارکردگی میں ایک تسلسل ہے، ہم فائنل میں بھی شاندار کھیل پیش کریں گے۔

سہیل اختر نے کہا کہ ہمارے فینز نے مسلسل پانچ سال ہمیں اسپورٹ کیا اب ہم ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کی ٹرافی اٹھا کر انہیں بہترین تحفہ دینا چاہتے ہیں۔

ہیڈ ٹو ہیڈ:

ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کراچی کنگز کو لاہور قلندرز کے خلاف برتری حاصل ہے۔دونوں ٹیمیں اب تک 10 مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آچکی ہیں، جہاں جیت 6 مرتبہ کراچی کنگز کے نام رہی۔

اس دوران تین میچوں میں فتح حاصل کرنے والی لاہور قلندرز کی ٹیم نے دونوں ٹیموں میں برابر ہونے والا ایک میچ سپر اوور پر بھی جیتا تھا۔

اس ایڈیشن میں دونوں ٹیمیں دو مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آئی تھیں، جہاں لاہور میں لاہور قلندرزاور پھر کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے کامیابی حاصل کی تھی۔

error: Content is protected !!