کراچی (سپورٹس رپورٹر)جیو نیوز سپورٹس نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سجاس ریڈ کو تین رنز سے شکست دیکر ایس ایس بی سجاس انٹرمیڈیا ٹی ٹوئنٹی کپ کے سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی۔ پی سی بی گورننگ بورڈ کے سابق رکن پروفیسر اعجاز فاروقی نے ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق جوائنٹ سیکریٹری جمیل احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس کے ایم سی ندیم خان، پی ڈی سی اے کے ڈائریکٹر میڈیا محمد نظام سمیت دیگر کرکٹ فینز بھی موجود تھے،
ایسٹرن اسٹارز کرکٹ گراونڈ میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں جیو نیوز اسپورٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنایے، فاتح ٹیم کے زوہیب حسن 53 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے 71 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے، دیگر بیسٹمنوں میں حماد احمد ناٹ آؤٹ 36 جبکہ اظہر اسحاق 30 رنز بناکر ٹیم کا مجموعہ 153 تک پہنچانے میں کامیاب رہے۔ جواب سجاس ریڈ کی 9 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بناکر ہمت ہار گئی۔سجاس ریڈز کے شاہد انصاری نے 31 گیندوں پر 47 رنز کی اننگ کھیلی تاہم دوسرے اینڈ سے مسلسل وکٹیں گرنے کے باعث وہ اپنی ٹیم کو میابی نہیں دلاسکے۔ جیو نیوز اسپورٹس کے زوہیب حسن تین اوور میں 19 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دیکھانے میں کامیاب رہے۔اس موقع پر مہمان خاص پروفیسر اعجاز احمد فاروقی نے ٹورنامنٹ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا، ان کا کہنا تھا میڈیا ہاوسز کے درمیان صحت مند سرگرمیوں کے حوالے سے کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد سجاس کی ایک اچھی کاوش ہے۔شاندار ال راونڈر کارکردگی پر زوہیب حسن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔