نوجوانوں کو منشیات جیسی لعنت سے محفوظ رکھنے کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، مشیر کھیل وامور نوجوان ملک عمر فاروق


لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)۔مشیر کھیل و امور نوجوانان ملک عمر فاروق نے کہا ہے کہ منشیات ایک لعنت ہے جس پر ہم سب نے مل کر قابو پانا ہے، نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں اس سرمائے کو منشیات جیسی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لئے سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی رہنمائی کیلئے مختلف پروگرام شروع کئے ہیں،والدین نوجوانوں کی کونسلنگ کریں اور ان کوخرافات سے دور رکھیں،پنجاب حکومت انسداد منشیات کیلئے مئوثر اقدامات کررہی ہے،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بہترین طریقے سے استعمال کریں،سیمینار کے انعقاد کا مقصد نوجوانوں کو آگاہی دینا ہے

نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بہترین اندازسے استعمال کریں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ای لائبریری نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپاٹمنٹ پنجاب کے زیراہتمام سماجی تنظیم برگد کے تعاون سے نوجوانوں کو آگاہی کیلئے ’’ نوجوانوں پر منشیات کے منفی اثرات‘‘ پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سیمینار سے برگد کی صبیحہ شاہین، ملیحہ خواجہ نے بھی اظہار خیال کیا، مشیر کھیل وامور نوجوانان عمر فاروق ملک نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں کرپشن اور منشیات نے پنجے گاڑ لئے ہیں جن کے خلاف ہم سب کو مل کر لڑنا ہوگا

نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ سب سے پہلے سول سوسائٹی آگے آئے کیونکہ ان کے ارد گرد ایسے نوجوانوں فوری نظر آجاتے ہیں جن کو بروقت اس برائی سے بچایا جاسکتا ہے، نوجوان ایسی محافل میں جانے سے گریز کریں، نوجوان مثبت کام کریں اور یہ بات ذہن نشین کرلیں کہ منشیات ایک لعنت ہے اور ایسی برائی ہے جو ان کی تباہی کا باعث بنے گی اس لئے نوجوان مثبت سرگرمیوں میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں۔


سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ ہماری آبادی کا زیادہ فیصد حصہ نوجوانوں کا ہے، اتنی بڑی تعداد میں نوجوانوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ، یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے نوجوانوں کی رہنمائی کے لئے بہت سے پروگرام شروع کررکھے ہیں جن سے نوجوانوں کو استفادہ کرنا چاہئے، والدین کو بچوں پر پوری نظر رکھنی چاہئے، ان کی کونسلنگ کریں اور ان کو منشیات کے نقصانات کے بارے میں آگاہی دیں، پنجاب حکومت انسداد منشیات کے خاتمے کیلئے مئوثر اقدامات کررہی ہے۔


ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسداد منشیات سیمینار کے انعقاد کا مقصد نوجوانوں کو آگاہی دینا ہے دینا ہے کہ منشیات صرف اور صرف تباہی ہے اس سے بچیں، نوجوان نے مستقبل میں ملک کی باگ دوڑ سنبھالنا ہے اس لئے نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بہترین انداز سے استعمال کریں، علماء نوجوانوں کو منشیات سے روکنے کیلئے کردار ادا کریں، سیمینار میں سوال وجواب کا سیشن بھی ہوا، مشیر کھیل و امور نوجوانان ملک عمر فارق نے سوالوں کے جوابات دیئے ڈائریکٹر ایڈمن جاویدچوہان اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

تعارف: newseditor