کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)سدرن پنجاب کے محمد عمران پر پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ اور پلئیرز اسپورٹ اسٹاف کی خلاف ورزی کرنے پر میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔ یہ واقعہ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں خیبر پختونخواہ اور سدرن پنجاب کے مابین کھیلے گئے پاکستان کپ کے آٹھویں راؤنڈ کے میچ میں پیش آیا۔
محمد عمران پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.8 کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔ یہ آرٹیکل میچ کے دوران امپائر کے فیصلے پر نامناسب رویہ ظاہر کرنے سے متعلق ہے۔
یہ واقعہ خیبر پختونخوا کی بیٹنگ کے دوران اننگز کے چوتھے اوور میں اس وقت پیش آیا جب محمد عمران نے امپائر کی جانب سے نوبال دئیے جانے والے فیصلے پر نامناسب رویہ ظاہر کیا۔
اس رویے پر محمد عمران کو قصوروار قرار دیا گیا جس پر انھوں نے اپنی غلطی کو تسلیم کیا اور میچ ریفری ندیم ارشد کی طرف سے تجویز کردہ سزا کو قبول کیا۔ محمد عمران پر چارجز آن فیلڈ امپائرز غفار کاظمی اور محمد عباس نے عائد کیے۔