پشاور(سپورٹس لنک رپورٹ) محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے زیرانتظام خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور سیمسن گروپ آف کمپنی کے باہمی اشتراک سے منعقد ہ پاکستان انٹرنیشنل سنوبورڈنگ کپ میں ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں نے میلہ لوٹ لیا
جبکہ اس موقع پر سیاحوں کیلئے موسیقی محفل سمیت فوڈ سٹالز بھی سجائے گئے تھے۔سوات کی حسین وادی مالم جبہ سکی ریزورٹ میں منعقد ہونے والے پاکستان انٹرنیشنل سنو بورڈنگ مقابلوں میں گزشتہ روزپیرالل سلام اور گینٹ سلام کے مقابلے منعقد ہوئے۔
جس میں مرد و خواتین سمیت یورپ، بیلجیئم،افغانستان اور پاکستان سے 4 خواتین سمیت 44 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔اس موقع پر کمشنر ملاکنڈ ظہیرالاسلام مہمان خصوصی تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سنوبورڈنگ ایونٹ میں ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت خوش آئند اقدام ہے۔
فیسٹیول کے دوران کثیر تعداد میں سیاحوں نے ملاکنڈ اور خصوصاً مالم جبہ سوات کا رخ کیا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔
بیلجیئم سے آئے ہوئے کھلاڑی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مالم جبہ میں سنو بورڈنگ کے ایونٹ میں شرکت کرنا اعزاز کی بات ہے۔ غیر ملکی سیاح آسانی سے پاکستان آئیں، یہ محفوظ اور خوبصورت ملک ہے۔ یہاں کے حسین مقامات کیساتھ ساتھ یہاں کی لوگ عوام دوست ہیں وہ کھلے دل سے سیاحوں کو خوش آمدید کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مالم جبہ سوات میں بین الاقوامی معیار کا سکی سلوپ قدرتی طور پر موجود ہے جسے محکمہ کھیل اولمپک سکی مقابلوں میں شامل کھیل بخوبی کرا سکتے ہیں۔
پاکستان انٹرنیشنل سنو بورڈنگ کپ اور فوڈ اینڈ میوزیک فیسٹیول کی اختتامی تقریب 24 جنوری بروز اتوار منعقد ہوگی۔