کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) نارتھ کراچی جیمخانہ پر سندھ اولمپک ایسوسی ایشن، پاکستان سیپاک ٹاکرا فیڈریشن، کیپیٹل ہلز روٹریکٹ کلب کے تعاون اور سندھ سیپاک ٹاکرا ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کھیلی گئی روٹریکٹ کلب کیپیٹل ہلز سیپاک ٹاکرا چیمپئن شپ سندھ بلوز نے جیت لی۔ فاتح ٹیم نے سندھ ریڈ کو 21-14 اور 21-16 سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی جبکہ خواتین کے مقابلوں میں سندھ ریڈ نے سندھ وائٹس کو 21-12 اور 21-10 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی خالد رحمانی سیکرٹری روٹری کلب کراچی (اسپورٹس) اور ٹینا کھتری صدر روٹریکٹ کلب کیپیٹل ہلز کراچی تھیں۔ اس موقع پر پاکستان سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل نوشاد احمد خان نے کہا کہ سیپاک ٹاکرا پاکستان میں بہت تیزی سے مقبول وفروع پارہا ہے انہوں نے کہا کہ ہم روٹری کلب کے عہدیداران کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی وہ ہمارے ساتھ تعاون کرتے رہیں گے۔ سندھ سیپاک ٹاکرا ایسوسی ایشن کے صدر شبیر احمد نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم ہر مہینے سیپاک ٹاکرا کے ایونٹس کا انعقاد کریں۔ ٹینا کھتری نے کہا کہ مجھے یہاں آکر بہت خوشی ہورہی ہے اور ہم جلد 8 سے 10 کھیلوں کا ایک اسپورٹس فیسٹیول منعقد کریں گے جس میں سیپاک ٹاکرا بھی شامل ہوگا۔اس موقع پر خالد رحمانی نے کہا کہ روٹری کلب سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کے ساتھ ملکر اسپورٹس فیسٹیول منعقد کرنے کیلئے تیار ہے میں منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے شاندار ایونٹ منعقد کیا آخر میں سندھ سیپاک ٹاکرا ایسوسی ایشن کے چیئرمین ڈاکٹر محمد عارف حفیظ نے میڈیا آن لائن کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں تمام کھلاڑیوں، مہمانوں اور خاص طور پر روٹری کلب کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ سب کہ باہم تعاون سے ایک کامیاب ٹورنامنٹ کا انعقاد ممکن ہوا اس موقع پر سندھ فینسنگ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری محمد تقی ، آرگنائزنگ سیکریٹری فرحان خان اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔