کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نےعالمی شہرت یافتہ کرکٹر شاہد خان آفریدی کی بیٹی کا رشتہ مانگا ہے۔دونوں خاندانوں کے در میان معاملات طے پاگئے ہیں لیکن منگنی کی تقریب کیلئے کچھ وقت مانگا گیا ہے۔شاہین شاہ آفریدی کے والد ایاز خان نے میڈیا کو بتایا کہ دونوں خاندانوں کے دیرینہ تعلقات ہیں، شاہد آفریدی کے اہل خانہ نے رشتے پر رضامندی ظاہر کی ہے، منگنی کی رسم جلد ہوگی۔
اس حوالے سے شاہد آفریدی کے اہل خانہ نے نمائندہ جیو کو بتایا کہ شاہین شاہ آفریدی اور شاہد آفریدی کی بیٹی کے رشتے کے سلسلے میں گزشتہ دو سال سے بات چیت چل رہی ہے۔شاہد آفریدی کے اہل خانہ نے بتایا کہ چونکہ شاہین شاہ آفریدی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور شاہد آفریدی کی بیٹی پڑھ رہی ہیں اس لیے منگنی کا باضابطہ اعلان کچھ عرصے بعد کیا جائے گا۔
شاہد آفریدی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ دو سال میں منگنی اورشادی کی تقاریب ایک ساتھ ہوسکتی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد خان آفریدی سوچ سمجھ کر اس بارے میں باضابطہ اعلان کریں گے، شاہد آفریدی کے اہل خانہ نے درخواست کی ہے کہ اس حوالے سے قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔