کوٹری(عائشہ ارم)”علی بابا گورنمینٹ بوائز ڈگری کالج کوٹری میں اسپورٹس ویک شاندار انداز میں منعقد کیا جائے گا۔رنگا رنگ افتتاحی تقریب 9 مارچ کو منعقد کی جائے گی”۔یہ بات کالج کے پرنسپل پروفیسر عبدالمجید عمرانی نے اسپورٹس ویک کے حوالے سے کیئے گئے انتظامات اور جاری تیاریوں کے معائنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہی۔انکا کہنا ہے کہ کالج کے سینیئر ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن پرویزاحمد شیخ اور ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن محمد امین کی نگرانی میں مختلف کھیلوں کی ٹیمیں بنائی گئی ہیں جنکے ابتدائی ٹرائلز اور مقابلوں کا آغاز اسپورٹس ویک کے اعلان کے ساتھ ہی کردیا گیا ہے۔اس ضمن میں بیڈمنٹن، بیس بال، کرکٹ، کراس کنٹری، فٹبال،فٹسال، ٹیبل ٹینس، ٹگ آف وار، تھروبال اور والی بال کے ٹرائلز لے کر ٹیموں کی تیاریوں کا سلسلہ شروع کیا جاچکا ہے۔سینیئر ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن پرویزاحمد شیخ کے مطابق کالج کے 4 منتخب کھلاڑیوں نے تعلیمی بورڈ حیدرآباد کے ٹرائلز میں حصہ لیا اور ان میں سے 3 پاکستان انٹر بورڈز چیمپیئن شپ کوئٹہ کے لیئے منتخب ہوئے۔ اسی طرح 4 منتخب کھلاڑیوں نے تعلیمی بورڈ حیدرآباد کے والی بال ٹرائلز میں حصہ لیا۔پاکستان انٹربورڈز والی بال بنوں میں منعقد ہوگا۔