ابوظہبی (سپورٹس لنک رپورٹ)افغانستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں زمبابوے کو 6 وکٹ سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔ابوظبی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری دن افغانستان نے زمبابوے کا 108 رنز کا ہدف 4 وکٹ پر حاصل کرلیا۔
ابوظبی ٹیسٹ میں زمبابوبے کے خلاف افغانستان کی فتح کے آثارگزشتہ روز ہی نمایاں ہوگئے تھے۔زمبابوے کے ہدف کے تعاقب میں رحمت شاہ نے 58 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ابراہیم زادران 29 رنز کے نمایاں بیٹسمین رہے۔
افغانستان کے 2،2 کھلاڑیوں کو موزاربانی اور ریان برل نے میدان چھوڑنے پر مجبور کیا، حشمت اللّٰہ شاہدی کو اس ٹیسٹ میں نے ناقابلِ شکست ڈبل سنچری بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس سے قبل افغانستان نے اپنی اپہلی اننگز 4 وکٹ پر 545 رنز پر ڈکلیئر کردی تھی، زمبابوبے کی ٹیم مدِمقابل ٹیم کے پہلی اننگز کے بڑے اسکور کے بوجھ تلے دب کر فالو آن کا شکار ہوئی۔
دوسری اننگز میں زمبابوے کی 7 وکٹیں 142 رنز پر گر گئیں تھیں، جس سے افغانستان کی اننگز سے فتح کے امکانات پیدا ہوگئے تھے، ایسے موقع پر شان ولیمز اور ٹریپانو نے شاندار شراکت قائم کی۔آج زمبابوے کی ٹیم نے گزشتہ روز کے اسکور 7 وکٹ پر 266 سے دوبارہ شروع کی اور پوری ٹیم 365 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
زمبابوے کی اننگز کی خاص بات کپتان شان ولیمز کی 151 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز رہی، انہوں نے ٹریپانو کے ساتھ مل کر 8ویں وکٹ پر 187 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی۔329 کے مجموعے پر 95 رنز بنانے والے ٹریپانو کو راشد خان نے میدان بدر کردیا، اننگز کی شکست کو ڈرا میں بدلنے کی شان ولیمز کی کوششیں دم توڑ گئیں۔اس کے بعد باقی دو وکٹیں بھی وقفے وقفے سے گرگئی، راشد خان نے اس اننگز میں 7 زمبابوین کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، انہوں نے میچ میں مجموعی طور پر 11 وکٹیں اپنے نام کیں۔