احمد آباد (سپورٹس لنک رپورٹ)بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے ایک اور سنگِ میل عبور کرلیا، وہ بین الاقوامی ٹی 20 کرکٹ میں 3 ہزار یا اُس سے زائد رنز بنانے والے پہلے مرد کرکٹر بن گئے ہیں۔ویرات کوہلی سے پہلے یہ سنگ میل دو خواتین کرکٹرز عبور کرچکی ہیں، جن میں سے ایک کا تعلق نیوزی لینڈ جبکہ دوسری کا تعلق ویسٹ انڈیز سے ہے۔انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کا دوسرا ٹی 20 میچ احمدآباد میں کھیلا گیا، جہاں ویرات کوہلی نے یہ ریکارڈ اپنے نام کیا، انہوں نے میچ میں 49 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیلی۔
ویرات کوہلی ٹی 20 کرکٹ میں زیادہ رنز والے مرد کرکٹرز کی فہرست میں آج کے میچ سے پہلے بھی سرفہرست تھے لیکن آج انہوں نے 3000 رنز کا سنگ میل عبور کیا۔مختصر طرز کی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے ریکارڈ پر نظر دوڑائیں تو ویرات کوہلی کے بعد دوسرے نمبر پر مارٹن گپٹل، تیسرے پر بھارت کے روہیت شرما، چوتھے پر آسٹریلیا کے ایرون فنچ، پانچویں پر پاکستان کے شعیب ملک اور چھٹے پر پاکستان ہی کے محمد حفیظ براجمان ہیں۔