راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)پنجاب حکومت نے فروغِ سیاحت عزم کے تحت ضلع جہلم کے تاریخی مقام ٹلہ جوگیاں میں ہائیکنگ ٹریک کی تیاری پر کام شروع کر دیا ، قلعہ روہتاس سے ٹلہ جوگیاں تک 22 کلومیٹر طویل جیپ ٹریک بھی بنایاجائے گا۔ سرسبز لینڈ سکیپ کے اندر ہائیکنگ ٹریک پوٹھوہار کی خوبصورتی کا زبردست اظہار ہوگا، ٹلہ جوگیاں ایک تاریخی مقام ہے جہاں جا بجا آثار قدیمہ بالخصوص مندر بکھرے پڑے ہیں۔ان خیالات کااظہار مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے سیاحت آصف محمود نے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی کیجانب سے ٹی ڈی سی پی کے تعاون سے مرد وخواتین کھلاڑیوں کیلئے ٹلہ جوگیاں کے خصوصی ہائیکنگ ٹورکے موقع پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر راولپنڈی منظرشاہ، ریجنل منیجر ٹی ڈی سی پی زاہداشرف ، معروف سماجی کارکن سیدکوثرعباس،یوتھ ایجوکیشن اینڈسپورٹس (YES) ویلفیئر سوسائٹی کے ممبران اور اتھلیٹس کی کثیرتعداد کے علاوہ معروف یوگا ماسٹرحیدریوگی کی ٹیم نے بھی ہائیکنگ کی۔ مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے سیاحت آصف محمودنے ٹلہ جوگیاں کا دورہ کر کے چار کلومیٹر لمبے ہائیکنگ ٹریک کا جائزہ لیا اور سہولتوں کی فراہمی کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ٹلہ جوگیاں کے مندروں کی بحالی اور صفائی کی ذمہ داری بھی سونپی۔انہوں نے سالٹ رینج جیپ ٹریک پر کام جلد آگے بڑھانے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی حکومت پہلی مرتبہ روایتی مقامات کے ساتھ نئے ٹورسٹ سپاٹس پر توجہ دینے کے اقدامات کر رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پرفضا خطہ پوٹھوہار کا حسن ایڈونچر پسند سیاحوں کے لئے انتہائی پرکشش ہے، وزیراعظم عمران خان اسی علاقے میں تاریخی قلعہ نندنہ کو بھی بحال کر کے پرکشش سیاحتی مقام بنانا چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سیاحتی منصوبوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں تاکہ انہیں جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔ آصف محمود نے کہا کہ ٹلہ جوگیاں ہائیکنگ ٹریک سیاحتی مقامات میں خوبصورت اضافہ ہوگا، یہاں سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔