پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے امریکن بیس بال کوچ کی خدمات حاصل کرلی گئیں

راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے امریکن بیس بال کوچ کی خدمات حاصل کرلی گئیں، امریکن بیس بال کوچ مسٹر برائن فروچز جون میں پاکستان آئیں گے۔پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ کے مطابق کرونا کی وجہ سے مختلف انٹر نیشنل بیس بال ایونٹس ملتوی ہوچکے ہیں یا ان کی تاریخیں آگے بڑھا دی گئی ہیں۔امریکن بیس بال کوچ کا دورہ پہلے سے طے شدہ تھا لیکن چونکہ انڈر 12، انڈر15 اور انڈر18 ایشین بیس بال چیمپئن شپ ملتوی کردی گئی ہیں اس لئے مستقبل میں ہونے والے مقابلوں میں شرکت کے لئے پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کی ٹریننگ کے تسلسل کو قائم رکھنے کے لئے پاکستان فیڈریشن بیس بال کے چیئرمین شوکت جاوید صاحب کی ہدایات کے مطابق فیڈریشن نے امریکن بیس بال کوچ مسٹر برائن فروچز کو پاکستان کے دورے پر بلا لیا ہے۔ سید فخر شاہ کے مطابق ماضی میں بھی ہم غیر ملکی کوچز کو بلواتے رہے ہیں جنہوں نے خیبر پختونخواہ اور اسلام آباد میں موجود بیس بال اکیڈمیز کا دورہ کیا اور وہاں نہ صرف کھلاڑیوں کو دی جانے والی ٹریننگ کا جائزہ لیا بلکہ انہیں عمدہ ٹپس بھی دیں۔ اس سال بھی ہم امریکن بیس بال کوچ مسٹر برائن فروچز کو پاکستان بلو ا رہے ہیں جوکہ 12 جون کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔ امریکن کوچ کے دورے کا مقصد پاکستان میں بیس بال کی ڈیویلپ منٹ اور حالات کا جائزہ لینا ہے۔ دورے کے دوران مسٹر برائن پاکستان فیڈریشن بیس بال کے چیئر مین شوکت جاویدصاحب کے ساتھ میٹنگ کریں گے اور لاہور میں موجود بحریہ ٹان بیس بال اکیڈمی کے کھلاڑیوں کو عاشق حسین بیس بال سٹیڈم بحریہ ٹان میں ٹریننگ دیں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ جب مستقبل میں یوتھ بیس بال کے ایونٹس کا انعقاد ہوتو ہمارے کھلاڑی تیاری میں ہوں تاکہ ہمیں کسی قسم کی پرابلم کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ہم تمام کھلاڑیوں کے ساتھ آن لائن رابطے میں ہیں اور کھلاڑی کرونا کی ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی ٹریننگ میں مشغول ہیں۔ سید فخر شاہ کے مطابق ابھی فی الحال امریکن کوچ صرف ایک ہفتے کے لئے پاکستان آرہے ہیں، مستقبل میں ان کی خدمات حاصل کرنے کے حوالے سے فیصلہ فیڈریشن کے چیئر مین شوکت جاوید کریں گے۔

error: Content is protected !!