پی ایس ایل کے بقیہ میچز غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں شیڈول ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے بقیہ میچز غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دئیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشنل وجوہات کے باعث پی ایس ایل کے بقیہ 20 میچز جو ابوظبی میں شیڈول تھے انہیں غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے۔قبل ازیں بورڈ اور فرنچائزز نے متفقہ طور پر چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز یو اے ای منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور یو اے ای حکومت نے اجازت بھی دیدی تھی تاہم اب ایک مرتبہ پھر لیگ غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ یو اے ای حکام کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد پی ایس ایل کی تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کے قیام کیلئے تین ہوٹلز بک کروانے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور ایک ہوٹل میں 2 ٹیموں اور آفیشلز نے قیام کرنا تھا۔اس کے علاوہ ٹورنامنٹ کے دوران بائیو سیکیور ببل کی ذمہ داری برطانوی کمپنی ریسٹراٹا کو سونپی گئی تھی تاکہ ٹورنامنٹ کے دوران کسی بھی طرح وائرس بائیو ببل میں داخل نہ ہو سکے۔

تعارف: newseditor