لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان ، فاسٹ بائولر وہاب ریاض اور لیگ سپنر عثمان قادر ان پاکستانی کرکٹرز کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں جو رواں سال کیریبین پریمیر لیگ (سی پی ایل) میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ باراباڈوس ٹرائیڈینس نے وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان کی خدمات حاصل کی ہیں جب کہ وہاب ریاض اور عثمان قادر اس سال کے ایونٹ میں سینٹ لوسیا زوکس کی نمائندگی کریں گے۔اس سے قبل محمد عامر ، محمد حفیظ ، حیدر علی اور شعیب ملک کو بھی کیریبئن پریمیئر لیگ کی فرنچائزز نے منتخب کیا ہے جو رواں سال 28 اگست سے شروع ہوگی۔ شعیب ملک نے 2019ء میں بھی گیانا ایمزون واریئرز کی نمائندگی کی تھی جس نے مسلسل 11 میچز میں کامیابی حاصل کی تھی۔ فاسٹ بولر محمد عامر نے 36 ٹیسٹ ، 61 ون ڈے انٹرنیشنل اور 50 ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں میں بالترتیب 119 ، 81 اور 59 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ اس سے قبل پاکستان کی جانب سے کامران اکمل، عمر اکمل اور شاداب خان بھی کریبین پریمیئر لیگ کھیل چکے ہیں۔