کراچی فرینڈز ویٹرنز نے ورچوئل ایکسز رمضان کرکٹ فیسٹول ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)کراچی فرینڈز ویٹرنز نے چار وکٹوں سے ایکسز کرکٹ کلب کو شکست دیکر ورچوئل ایکسز رمضان کرکٹ فیسٹول ٹی ٹوئینٹی کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر دانش کنیریا ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی اور فائنل کے مین آف دی میچ قرار پائے، سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

تفصیلات کے مطابق اصغر علی شاہ اسٹیڈیم میں کراچی فرینڈز ویٹرنز کرکٹ کلب اور ایکسز کرکٹ کلب کے درمیان کھیلے جانے والے ورچوئل ایکسز رمضان فیسٹول کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں ایکسز کرکٹ کلب کے کپتان خواجہ احمد مستقیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ 71 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ کے باوجود دانش کنیریا کی شاندار بولنگ کے باعث ایکسز سی سی اسکور بورڈ پہ کوئی بڑا مجموعہ سجانے میں کامیاب نہیں ہوسکی جس کے باعث ان کی اننگز مقررہ اوور میں 9 وکٹوں پر 126 رنز تک محدود رہی، دانش کنیریا 21 رنز کے عوض چار بلے بازوں کو پویلین بھیجنے میں کامیاب رہے

ایکسز سی سی کے عثمان شاہ 40 گیندوں پر تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 53 رنز بناکر سب سے کامیاب بیٹسمین رہے۔ حدف کے تعاقب میں کراچی فرینڈز ویٹرنز کی اننگ کا اغاز بھی اچھا نا تھا تجربہ کار اوپننگ بلے باز ٹیم کے کپتان جعفر قریشی 06, سہیل خان اور عرفان علی خان 14,14 رنز بناکر ابتدائی اوورز میں ہی آؤٹ ہوگئے، 37 رنز پر تین کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمین اظہر خان اور مظہر حسین کے درمیان چوتھے وکٹ کی پارٹنرشپ میں بننے والے 81 رنز میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔

اظہر علی 32 گیندوں پر 02 چھکوں اور 05 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ مظہر حسین نے ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنائے، فاتح ٹیم نے مطلوبہ حدف 17 ویں اوور کی چوتھی گیند پہ چھ وکٹوں کی نقصان پر حاصل کرلیا۔ تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد نے سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر انجینئر محفوظ الحق، کے سی سی کے سابق جوائنٹ سیکریٹری جمیل احمد، معروف کرکٹ آرگنائزر جاجی اشرف، یو بی ایل کے سابق کپتان صدیق پٹنی، فواد انڈسٹری کے سی ای او خواجہ احمد فواد اور معروف اسپورٹس آرگنائزر ڈاکٹر عارف وحید کے ہمرہ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے،اس موقع پر توصیف احمد نے کوویڈ19 کی موجودہ صورتحال میں ایکسز کرکٹ کلب کی کاوش کے اقدام کو خوش آئند قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی کرکٹ میں ایکسز سی سی کا اضافہ نظر انداز کردیے جانے والے باصلاحیت کرکٹرز کے لئے ایک ایسا سایہ دار درخت ثابت ہوگا جس کے سائے میں انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھر پور موقع ملے گا


ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 09 وکٹیں بشمول فائنل میں 21 رنز دیکر چار وکٹیں حاصل کرنے پر سابق ٹیسٹ کرکٹر دانش کنیریا فائنل کے بہترین کھلاڑی سمیت ٹورنامنٹ کے بہترین بولر اور ایونٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، ٹورنامنٹ میں ایک سنچری اور ایک ففٹی کی مدد سے مجموعی طور پر 169 رنز بنانے والے ایکسز سی سی کے عثمان شاہ ایونٹ کے بہترین بلے باز، اظہر علی بہترین وکٹ کیپر بیٹسمین کا ایوارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے، وونگ ٹرافی کراچی فرینڈز ویٹرنز کے کپتان جعفر قریشی اور رنرزاپ کی ٹرافی خواجہ احمد مستقیم نے وصول کی۔

تعارف: newseditor