ٹوکیو اولمپکس روانگی سے قبل اتھلیٹ ارشد ندیم کے اعزاز میں فیڈریشن کی الوداعی تقریب

اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ ) اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر میجرجنرل ریٹائرڈ محمد اکرم ساہی نے کہا ہے کہ ارشد ندیم اولمپک گیمز میں جبولین تھرو کے ایونٹ میں اچھی کارگردگی کا مظاہرہ کریں گے کیونکہ ارشد ندیم نے ایونٹ کی تیاری کے سلسلہ میں بھر پور محنت کر رکھی ہے اور
قوم کی دعائیں ارشد کے ساتھ ہیں۔


ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کی طرف سے اتھلیٹ ارشد ندیم کے اعزاز میں الوداعی تقریب کے موقع پر کیا۔ اس موقع پراتھلیٹکس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد ظفر، اولمپین اتھلیٹ رابعہ عاشق، ڈائریکٹر پی ایس بی نصراللہ رانا ، کوچز محمد رفیق، سلمان سرور بٹ ،طارق سندھو اور سید فیاض حسین بخاری بھی موجود تھے۔ محمد اکرم ساہی نے کہا کہ ہمیں بے حد خوشی ہے کہ ہم ارشد ندیم کو اولمپکس کے لیے الوداع کررہے ہیں۔ ارشد ندیم بڑے اعتماد میں ہیں اور امید ہے کہ یہ اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔


انہوں نے کہا کہ جو کچھ ارشد ندیم کی ٹریننگ کے لئے کرسکتے تھے وہ ہم نے کیا ہے۔ اورجب ارشد ندیم نے کوالیفائی کیا تو فیڈریشن کے پاس چند لاکھ روہے تھے۔ ارشد کی ٹریننگ پر دو کروڑ روپے لاگت تحمینہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن نے تمام تر کوششیں کرکے ارشد ندیم کو مکمل ٹریننگ کروائی ہے۔ ارشد کے لئے ترکی میں غیر ملکی کوچ کے پاس بھی ٹریننگ کروائی اور ارشد ندیم کی تیاری مکمل ہے قوم سے درخواست ہے ارشد کی کامیابی کےلیے دعا کرے۔اکرم ساہی نے کہا کہ نجمہ پروین کے لئے بطور صدر اتھلیٹکس فیڈریشن بہت اقدامات کئے۔ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے نجمہ پروین کے لئے کیمپ لگانے کی بات کی۔


نجمہ پروین کو جب کیمپ میں بلایا گیا تو ان کی فٹنس معیار کے مطابق نہیں تھی۔ نجمہ پروین ابتدائی طور پر کیمپ میں آئیں تاہم عید کے بعد انہوں نے کیمپ جوائن نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس بی نے واپڈا کو لیٹر لکھ کر نجمہ کے نہ آنے کی وجہ کا پوچھا۔ واپڈا کی جانب سے پی ایس بی کو بتایا گیا کہ نجمہ فیصل آباد میں ٹریننگ کررہی ہیں۔ اس موقع پر ارشد ندیم نے کہا کہ میں پوری تیاری کے ساتھ ٹوکیو جارہا ہوں۔ کوشش اور ہدف اولمپکس میں ورلڈ ریکارڈ کروں۔ انہوں نے کہا کہ میں اس وقت کیریئیر کی بہترین فارم میں ہوں۔ کوچ فیاض حسین بخاری نے کہا ہے کہ ہم نے مکمل تیاری کی ہے اور اولمپکس میں بہترین تھرو کریں گے۔ ارشد ندیم ٹوکیو اولمپک گیمز میں شرکت کے لئے 22 جولائی کو جاپان رووانہ ہونگے۔

error: Content is protected !!