13 ویں پاکستان پریمئیر فٹ بال لیگ، مسلم کلب چمن نے کراچی یونائیٹڈ کو 2-3 سے ہرا دیا

اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ ) 13 ویں پاکستان پریمئیر فٹ بال لیگ میں مسلم کلب چمن نے کراچی یونائیٹڈ کو 2-3 سے ہرا دیا۔ مسلم کلب کی جیت میں محمدجمیل نے اہم کردار ادا کرتے ہوئے اپنی پہلی ہیٹ مکمل کی۔ قاسم باغ فٹ بال سٹیڈیم ملتان میں گذشتہ روز کھیلےگئے میچ میں وقفے تک دونوں ٹیمیں 1-1 گول سے برابر تھیں۔ دوسرے ہاف کراچی یونائیٹڈ نے ایک گول اور مسلم کلب نے مزید دو گول کرکے مقابلہ 2-3 گول سے جیت لیا۔ پہلے ہاف کے 14 ویں منٹ میں کراچی یونائیٹڈ کے عاقب علی نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جس کو 38 ویں منٹ میں مسلم کلب کے محمد جمیل نے گول کرکے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کردیا۔

48 ویں منٹ میں کراچی یونائیٹڈ کے عامر مبارک نے گول کرکے مقابلہ 1-2 کردیا جس کے ایک منٹ بعد جمیل نے گول کرکے ایک بار پھر مقابلہ 2-2 گول سے برابر کردیا۔ کھیل کے 78 ویں منٹ میں مسلم کلب کی طرف سے محمد جمیل نے اپنا تیسرا فیصلہ کن گول کرکے مقابلہ 2-3 گول سے جیت لیا جو مقررہ وقت تک جاری رہا۔ کراچی یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں نے میچ برابر کرنے کی بھر پور کوشش کی لیکن ناکام رہے۔ اس سے قبل مسلم کلب چمن نے اپنے پہلے میچ میں پاکستان نیوی کو ایک سخت مقابلے کے بعد 0-1 سے شکست دی تھی اور اب مسلم کلب اپنا تیسرا میچ سوئی نادرن گیس پائپ لائنز کے خلاف 25 اگست کو کھیلے گی۔ریفری کے فرائض ماجد خان نے انجام دیئے جبکہ ان کی معاونت محبوب علی اور ندیم بٹ نے کی۔(آج) منگل کو ہماکلب اسلام آباد کا مقابلہ خان ریسرچ لیبارٹریز راولپنڈی سے ہوگا۔

تعارف: newseditor