نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے سکیورٹی ماہرین کا دورہ قذافی سٹیڈیم

نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے دورے سے قبل سکیورٹی ماہرین ریگ ڈیکاسن اور ڈیوڈ سینئر نے قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کیا جہاں انہیں محکمہ داخلہ کی جانب سے سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔

نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں نے ستمبر اور اکتوبر میں پاکستان آنا ہے جن کے میچز لاہور اور راولپنڈی میں ہونے ہیں۔

وینیوز کا جائزہ اور مختلف اداروں سے بریفنگ لینے کے لیے دو سکیورٹی ماہرین ریگ ڈیکاسن اور ڈیوڈ سینئر پاکستان کے دورے پر ہیں، پہلے مرحلے میں انہوں نے قذافی اسٹیڈیم میں ڈریسنگ رومز اور گراؤنڈ کامعائنہ کیا۔

ڈائریکٹر انٹر نیشنل ذاکر خان اور ڈائریکٹر سکیورٹی کرنل آصف نے انہیں بریفنگ دی اورگراؤنڈ میں انتظامات سے آگاہ کیا۔

سکیورٹی ماہرین نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ظفر نصراللہ کی زیرصدارت اجلاس میں بھی شرکت کی جس میں سی سی پی او غلام محمود نے سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کےلیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے، ٹیم کے روٹ پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔اس موقع پر نیوزی لینڈ ٹیم کے سکیورٹی انچارج نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

error: Content is protected !!