پشاور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر سید عاقل شاہ نے اعلان کیاہے کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا کوئی بھی عہدیدار یا کوئی ممبر استعفیٰ نہیں دے گا وہ گزشتہ روز پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے انہوں نے کہا کہ ٹوکیو اولمپکس میں ناقص کارکردگی کے بارے میں کی جانیوالی تنقید قابل افسوس ہے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن ایک خود مختار ادارہ ہے اس کوکسی بھی قسم کی ڈکٹیشن نہ دی جائے اور نہ ہی کسی سے استعفیٰ مانگا جائے ‘انہوں نے کہا کہ ہم آئی او سی اور او سی اے کے زیر اہتمام پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن چلاتے ہیں جس کے آئین میں صاف لکھا ہے کہ یہ خود مختارادارہ ہے اور اس میں کسی کی کوئی مداخلت شامل نہیں ہوگی
ہم کھیلوں کی تمام ایسوسی ایشنز ملک میں کھیلوں کے فروغ و ترقی کے لئے شبانہ روز کام کرتے ہیں کھلاڑی تیار کرنے میں مدد دیتے ہیں اس کیساتھ انہیں آگے آنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں کھلاڑیوں کو تمام سہولتوں کی فراہمی ‘کوچنگ ‘ڈائٹ وغیرہ کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے ہم اس سلسلے میں معاونت فراہم کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ ٹوکیو اولمپکس کی کارکردگی کے حوالے سے تنقید ہورہی ہے اس سلسلے میں یہ واضح ہے کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر یا کوئی بھی ممبر استعفیٰ نہیں دے گا اور نہ ہی کسی کو استعفیٰ دینے کی اجازت دیں گے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن نے اپنی یک جہتی ثابت کی ہے اور ہم سب پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل(ر) سید عارف حسن کے ساتھ ہیں اور ان کے ساتھ ملک میں کھیلوں کے فروغ و ترقی کے لئے کام کرتے رہیں گے انہوں نے کہا کہ آئی او سی کیساتھ 206 ممبران موجود ہیں آئی او سی کے تمام قواعد و ضوابط سب پر لاگو ہوتے ہیں پی ایس بی اور حکومت کو تمام معاملات میں مشاورت کرنی چاہئے سب کو مل کر کھیلوں کے فروغ و ترقی کیلئے کام کرنا ہوگا تب جا کر ہم انٹرنیشنل سطح پر میڈلز لانے کی پوزیشن میں ہوں گے ۔