آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں گروپ ٹو کے میچ میں نیوزی لینڈ نے نمیبیا کو 52 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں تیسری کامیابی حاصل کرلی۔
شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں نمیبیا کے کپتان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل اور ڈیرل مچل نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 43 رنز پر دونوں کیوی اوپنرز پویلین لوٹ گئے۔
نیوزی لینڈ کے بیٹرز نے ابتدائی اوورز میں کافی سست بیٹنگ کی اور ایک موقع پر اس کی 14 اوور میں 87 رنز پر چار وکٹیں گر گئیں۔
تاہم اس موقع پر جمی نیشم اور گلین فلپس نے سہارا دیا اور آخری6 اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کرکے اسکور چار وکٹوں کے نقصان پر 163 تک پہنچا دیا۔
جمی نیشم نے 23 گیندوں پر 35 اور گلین فلپس نے 21 گیندوں پر 39 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ نے مجموعی طور پر پہلے 10 اوورز میں 62 رنز بنائے جب کہ آخری چار اوورز میں 67 رنز اسکور کیے جو کہ اس ورلڈکپ میں آخری چار اوورز میں کیا جانے والا سب سے بڑا اسکور ہے۔
اس سے قبل بھارت نے آخری چار اوورز میں افغانستان کے خلاف 65 رنز بنائے تھے۔
نیوزی لینڈ کے 164 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا نےمقررہ 20 اوررز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے۔
نمیبیا کے بیٹسمین کیویز بولرز کے سامنے کچھ زیادہ مزاحمت نہ کرسکے، مائیکل وین 25 اور زین گرین 23 رنز بناکر نمایاں رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مچل سینٹنر، جمی نیشم اور ایش سوڈھی کے حصے میں ایک ،ایک وکٹ آئی۔
نیوزی لینڈ نے نمیبیا کو شکست دے کر ایونٹ میں تیسری کامیابی حاصل کرلی جبکہ سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے اسے افغانستان سے آخری مقابلہ کھیلنا ہے۔