نیشنل انڈر 16 ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں بلے بازوں کا پلڑا بھاری

ملتان میں جاری نیشنل انڈر 16 ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں بلے بازوں کا پلڑا بھاری رہا، جہاں سدرن پنجاب وائٹس،سندھ وائٹس اور کے پی وائٹس نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کے پی نے ناردرن کو 59 رنز سے شکست دے دی۔ اکفر درانی نے 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 109 رنز کی اننگز کھیلی۔ ریاض اللہ نے 84 اور محمد اویس 66 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ جواب میں ناردرن کی پوری ٹیم 224 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ارسلان علی نے 58 اور عصمت اللہ نےناٹ آؤٹ 42 رنز بنائے۔عادل وحید نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

زواری کرکٹ گراؤنڈ ملتان میں کھیلے گئے میچ میں سدرن پنجاب نے سینٹرل پنجاب کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔ سدرن پنجاب نے13 چوکوں کی بدولت علی حسنین کے ناقابل شکست 114 اور محمد فرحان کی 51 رنز کی اننگز کی بدولت 205 رنز کا ہدف 41.3 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔اس سے قبل سینٹرل پنجاب نے طیب عارف کے 115 رنز کی بدولت مقررہ 45 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے۔ان کی اننگز میں 13 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ نعمان علی 37 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ہیڈ محمد والا گراؤنڈ ملتان میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے بلوچستان کو 156 رنز سے ہرادیا۔ ہارون ارشد اور روحان خان کی 268 رنز کی شراکت کی بدولت سندھ نے 45 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنائے۔ ہارون ارشد نے17 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 139 جبکہ روحان خان نے10 چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 109 رنز کی اننگز کھیلیں۔فیصل رزاق نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں بلوچستان کی پوری ٹیم 157 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ عثمان غنی 71 اور سراج احمد 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ریحان شاہ اور شاہ زیب علی نے 3،3 جبکہ شیراز خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

error: Content is protected !!