14 سالہ کیوی ویمن کرکٹر کیٹ چینڈلر نے 5 وکٹیں حاصل کرکے سب کو حیران کردیا


کرائسٹ چرچ (سپورٹس لنک رپورٹ) اپنی 14 ویں سالگرہ کے محض ایک ماہ اور 17 دن بعد ویلنگٹن کی ویمن کرکٹر کیٹ چینڈلر نے محض اپنے تیسرے لسٹ اے مقابلے میں ہیگلے اوول،کرائسٹ چرچ میں کینٹربری ویمن کے خلاف میچ میں 5 وکٹیں لے کر ریکارڈز بک میں نام لکھوا لیا ۔ لیگ سپنر کیٹ چینڈلر جو اب بھی سکول کی طالبہ ہیں، نے اپنے پہلے 2 میچز میں 3 وکٹیں حاصل کی تھیں، یہ تینوں وکٹیں انہوں نے سینٹرل ڈسٹرکس کے خلاف 10 اوورز میں 39 رنز کے عوض حاصل کی تھیں، انہوں نے کینٹربری کے خلاف 41 رن دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جس کی بدولت کینٹربری کی ٹیم 46.1 اوور میں 155 رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ،ویلنگٹن نے مطلوبہ ہدف 32.1 اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

کینٹربری نے 4 وکٹوں پر 117 رنز بنائے تھے جب 35 ویں اوور میں پہلے چینڈلر نے نیوزی لینڈ ویمن ٹیم کی مستقل رکن لیا طہاہو کو پوویلین واپس بھیجا اور پھر تجربہ کار کیٹ ابراہیم کی وکٹ حاصل کی۔

ان کی گھومتی گیندوں کا شکار ہونے والی دیگر مخالف کھلاڑیوں میں لارا ہیوگز، کے ایم سمز اور گیبی سلیوان شامل تھیں۔ انہوں نے ایک وکٹ میڈن اور ایک ڈبل وکٹ میڈن اوور بھی کیا۔ اس کا علم تو نہیں ہوسکا کہ کیا چینڈلر لسٹ اے کرکٹ کی تاریخ میں 5 وکٹیں لینے والی کم عمر ترین کھلاڑی ہیں یا نہیں تاہم نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک بیان میں یہ ضرور کہا گیا ہے کہ ان کے یہ بائولنگ فگرز ویلنگٹن ویمن کرکٹ کی تاریخ کے 14 بہترین فگرز ہیں۔

error: Content is protected !!