کپتان بابر اعظم سمیت پاکستانی بلے بازوں نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی سے تاریخ رقم کرنے کے ساتھ ساتھ نت نئے ریکارڈز بھی قائم کردیے۔بابراعظم 196 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں چوتھی اننگز میں دنیا کے کسی بھی کپتان کی سب سے بڑی اننگز ہے۔اس سے قبل ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بھی کپتان کی جانب سے چوتھی اننگز میں سب سے بڑی باری انگلینڈ کے سابق قائد مائیکل ایتھرٹن نے کھیلی تھی جنہوں نے 1995 میں جنوبی افریقہ کے خلاف 185رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔اس کے علاوہ یہ کسی بھی پاکستانی بلے باز کی بھی چوتھی اننگز میں سب سے بڑی اننگز ہے
اس سے قبل یہ اعزاز یونس خان کے پاس تھا جنہوں نے 2015 میں پالے کیلی میں ناقابل شکست 171رنز کی اننگز کھیلی تھی۔اس کے علاوہ قومی ٹیم کے کپتان چوتھی اننگز میں پاکستان کی جانب سے ایک اننگز میں سب سے زیادہ گیندیں کھیلنے والے بلے باز بھی بن گئے۔بابراعظم اپنی اننگز میں 425 گیندیں کھیلیں اور اس طرح وہ کسی بھی میچ کی چوتھی اننگز میں سب سے زیادہ گیندیں کھیلنے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔
کسی بھی میچ کی چوتھی اننگز میں سب سے زیادہ گیندیں کھیلنے کا ریکارڈ انگلینڈ کے مائیکل ایتھرٹن کے پاس ہے جنہوں نے ایک اننگز میں 492 کھیلی تھیں۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹیسٹ کرکٹ کی چوتھی اننگز میں دس گھنٹے بیٹنگ کرنے والے پہلے ایشین بن گئے۔کراچی ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں بابر اعظم نے 607 منٹ بیٹنگ کی اور 196 رنز بنائے،بابر اعظم ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں دس گھنٹے بیٹنگ والے دنیا کے دوسرے کرکٹر بھی بن گئے ہیں، ان سے قبل انگلینڈ کے مائیک ایتھرٹن نے جنوبی افریقا کے خلاف چوتھی اننگز میں 643 منٹ بیٹنگ کی تھی۔