اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں سینٹرل پنجاب نے سندھ کو 77 رنز سے ہرا کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی ٹیمیں پہلے ہی ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔
262 رنز کے تعاقب میں سندھ کی پوری ٹیم 41.3 اوورز میں 184 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ سرفراز احمد 59 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ان کی اننگز میں 3 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ سندھ کے 7 بیٹرز ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ ظفر گوہر اور حسین طلعت نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سینٹرل پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے احمد شہزاد اور ظفر گوہر کی نصف سنچریوں کی بدولت 261 رنز بنائے تھے۔ اوپنر احمد شہزاد نے 9 چوکوں کی مدد سے 68 جبکہ ظفر گوہر نے 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت 51 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ محمد عمر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلےگئے میچ میں سدرن پنجاب نے ناردرن کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم نے 221 رنز کا ہدف 28.5 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اعظم خان نے 39 گیندوں پر 11 چوکوں اور 4 چھکوں کی بدولت 83 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ شرون سراج 48 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ محمد عمر ان نے 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت 40 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ناردرن نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنائے تھے۔ مبصر خان نے 3 چوکوں کی بدولت 59 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ رضا المصطفیٰ نے 5 چوکوں کی مدد سےناقابل شکست 56 رنز اسکور کیے۔ٹورنامنٹ کے دسویں راؤنڈ کا آخری میچ کل بروز ہفتہ کو خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مابین فیصل آباد میں کھیلا جائے گا۔