لاہور(سپورٹس رپورٹر)دنیا کے عظیم ترین کرکٹر ز میں شمار کیے جانے والے ٹیسٹ کرکٹر حنیف محمد کے صاحبزادے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق افتتاحی بیٹسمین اور قومی سلیکشن کمیٹی کے سابق ممبرشعیب محمد گوادر میں کرکٹ کے کھیل کو گراس روٹ لیول سے فروغ دینے اور نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق گوادر کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر اورگوادر کرکٹ اکیڈمی کے بانی صدر حنیف حسین نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق افتتاحی بیٹسمین شعیب محمد سے ان کی رہائش گا پر ملاقات کی۔ ملاقات میں گوادر میں کرکٹ کی موجودہ صورتحال اور مستقبل میں ضلع گوادر میں کرکٹ کے کھیل کو گراس روٹ لیول سے فروغ دینے سمیت دیگر امور پر تفصیل سے گفتگو ہوئی ۔
اس دوران حنیف حسین نے سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد کوگوارد ، پسنی ،اورماڑہ ، جیونی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ویژن کے مطابق گراس روٹ لیول سے کرکٹ کو بھرپور انداز میں فروغ دینے کے دینے کی دعوت دی اور قومی سلیکشن کمیٹی کے سابق ممبر کو گوادر کرکٹ اکیڈمی میں کھیلنے والے بچوں اور نوجوانوں کو کوچنگ ٹپس دینے پر آمادہ کیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق افتتاحی بیٹسمین شعیب محمد نے حنیف حسین کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے گوادر کرکٹ اکیڈمی سمیت ضلع گوادر میں کرکٹ کے کھیل کو گراس روٹ لیول سے فروغ دینے کے حوالے سے ایک جامع پلان مرتب کرنے کا کہا۔
شعیب محمد کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے فروغ کیلئے گراس روٹ لیول پر محنت کرنا بہت ہی ضروری ہے ،میںکرکٹ کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد نے گوادر میں کرکٹ کے کھیل کو فروغ دینے پر گوادر کرکٹ ایسوسی ایشن کے صابق صدر اور گوادر کرکٹ اکیڈمی کے بانی صدر حنیف حسین ، بانی چیئرمین عبدالحمید رشید ،سیکرٹری اُستاد اصغر حسین سمیت گوادر کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین زاہد سعید سمیت ان کے دیگر عہدیداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔