ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کی زیرصدارت منگل کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں 10سے 12مارچ تک ہونے والے نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے افسران، سپورٹس ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور نمائندوں نے شرکت کی
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا ہے کہ نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کو یادگار بنانے کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے بھرپور تیاریاں شروع کردی ہیں، نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کے ایونٹس میں میراتھون کو بھی شامل کیا گیا ہے جس میں عوام اوپن کیٹیگری میں حصہ لے سکیں گے
پیس شو اور جمناسٹک شو کا شاندار مظاہرہ کیا جائے گا،انہوں نے مزید کہا ہے کہ نیشنل ہارس اینڈ کیٹل کے سلسلہ میں ہاکی، فٹبال، والی بال، کبڈی، ریسلنگ اور رسہ کشی کے ایونٹس کی بھرپور تیاریاں کی جارہی ہیں جس میں چاروںصوبوں، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ٹیمیں حصہ لیں گی، کھلاڑیوں کو بہترین رہائش اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی، ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کو یادگار بنانے کیلئے انتظامی کمیٹیاں بنانے کی ہدایت کردی ہے
اجلاس میں ڈائریکٹر سپورٹس چاندپروین، چیف سپورٹس کنسلٹنٹ محمد حفیظ بھٹی،اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ظہور احمد،شائستہ قیصر ،زرینہ وقار،تحصیل سپورٹس آفیسر کینٹ ناصر ملک،سیکرٹری پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن ادریس حیدر خواجہ ،پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی ایشن سے سلمان اقبال بٹ ،پنجاب ریسلنگ ایسوسی ایشن کے ارشد ستار، سیکرٹری جنرل پنجاب سائیکلنگ ایسوسی ایشن وقار علی،سیکرٹری جنرل پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن طاہرجٹ، نمائندہ پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن مرزا ندیم بیگ،سیکرٹری جنرل پنجاب رسہ کشی ایسوسی ایشن جمیل رانا،سیکرٹری جنرل پنجاب والی بال ایسوسی ایشن ایم بی جاوید شریک تھے۔