پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے لیے کتنے غیرملکی کھلاڑی رجسٹرڈ؟

   پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے لیے غیرملکی پلیئرز کی بڑی تعداد نے رجسٹریشن کرالی ہے۔

پاکستان پریمیئر لیگ (پی ایس ایل)کے 13 دسمبر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہونے والے پلیئرز ڈرافٹ 2024 سے قبل تمام 6 فرنچائزز نے اپنے ٹریڈز اور کھلاڑیوں کے ناموں اور ان کی کیٹیگریز کو برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

 

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ ہر فرنچائز کو زیادہ سے زیادہ 8 کھلاڑیوں کی ری ٹینشن کی اجازت دی گئی تھی۔

بورڈ کے مطابق پی ایس ایل 9 کے لیے 22 ممالک کے 485 غیر ملکی کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کروائی ہے۔ پی سی بی نے بتایا کہ پلاٹینم کیٹیگری میں 46، ڈائمنڈ کیٹیگری میں 76 غیر ملکی کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کروائی۔

پاکستان پیریمیئر لیگ ( پی ایس ایل ) کی گزشتہ 2 سیزن کی فاتح لاہور قلندرز نے پلاٹینم کیٹیگری میں اپنے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو برقرار رکھا ہے۔ ڈائمنڈ کیٹیگری میں حارث رؤف کو ٹیم کا برانڈ ایمبیسیڈر نامزد کیا گیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے 6 نمبر کے ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈر سکندر رضا کو گولڈ کیٹیگری میں برقرار رکھا گیا ہے جبکہ دوسرے نمبر کے ٹی ٹوئنٹی بولر راشد خان کو سلور کیٹیگری میں برقرار رکھا گیا ہے تاہم وہ انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر بھی ہوسکتے ہیں، مرزا طاہر بیگ کو سلور کیٹیگری میں برقرار رکھا گیا ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے آئی سی سی کے 8 ویں نمبر کے ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈر شاداب خان اور نسیم شاہ کو پلاٹینم کیٹیگری میں برقرار رکھا ہے۔ کراچی کنگز سے اسلام آباد یونائیٹڈ منتقل ہونے والے ڈائمنڈ کیٹیگری کے عماد وسیم کو ٹیم کا مینٹور جبکہ گولڈ کیٹیگری میں فہیم اشرف کو برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا ہے۔ رومان رئیس کو سلور کٹیگیری میں برقرار رکھا گیا ہے۔

ملتان سلطانز نے پلاٹینم کیٹیگری میں اپنے کپتان محمد رضوان کو برقرار رکھا ہے جو آئی سی سی کے دوسرے نمبر کے ٹی ٹوئنٹی بلے باز ہیں۔ افتخار احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ کامیاب ٹریڈنگ کے بعد ملتان سلطانز میں پلاٹینم کیٹیگری دی گئی ہے۔

پی ایس ایل 2023 کے بہترین کھلاڑی احسان اللہ کو ٹیم کا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا ہے اور انہیں سلور کیٹیگری میں برقرار رکھا گیا ہے۔ کراچی کنگز کے ساتھ کامیاب ٹریڈنگ کے بعد فیصل اکرم کو ایمرجنگ میں برقرار رکھا گیا ہے۔

شان مسعود اور شعیب ملک دونوں کو کراچی کنگز نے گولڈ کیٹیگری میں برقرار رکھا ہے۔ کامیاب بولی ختم ہونے سے قبل شان مسعود کو بائیں ہاتھ کے کلائی اسپنر فیصل اکرم کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا۔ شان کو برانڈ ایمبیسیڈر بھی نامزد کیا گیا ہے جبکہ شعیب ملک کو ٹیم مینٹور مقرر کیا گیا ہے۔ میر حمزہ کو سلور کیٹیگیری میں برقرار رکھا گیا ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پلاٹینم میں دنیا کے پانچویں نمبر کے بلے باز رلی روسو اور ڈائمنڈ میں تیسرے نمبر کے ٹی ٹوئنٹی بولر ونندو ہسارنگا کو برقرار رکھا ہے۔

محمد وسیم جونیئر اور ابرار احمد کو کامیاب بولی کے بعد بالترتیب ڈائمنڈ اور گولڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔ پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور کا ریکارڈ رکھنے والے جیسن رائے کو بھی ڈائمنڈ کیٹیگری میں برقرار رکھا گیا ہے۔ سرفراز احمد کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا ہے اور انہیں گولڈ کیٹیگری میں برقرار رکھا گیا ہے۔

پی ایس ایل کی تاریخ کے کامیاب ترین بلے باز اور آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں چوتھے نمبر پر موجود بابر اعظم کو پشاور زلمی نے پلاٹینم میں ویسٹ انڈیز کے پاور ہٹر روومین پاول کے ساتھ برقرار رکھا ہے۔ محمد حارث کو گولڈ کیٹیگری میں برقرار رکھا گیا ہے اور انہیں برانڈ ایمبیسیڈر بھی نامزد کیا گیا ہے۔

 

لاہور قلندرز
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی(پلاٹینم)، حارث رؤف اور ڈیوڈ ویزے (دونوں ڈائمنڈ)، سکندر رضا، عبداللہ شفیق اور زمان خان (آل گولڈ)، مرزا طاہر بیگ کو کامیاب ریلیگیشن درخواست اور راشد خان دونوں سلور کیٹیگری میں شامل ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ
اسلام آباد یونائیٹڈ (8)، شاداب خان اور نسیم شاہ (پلاٹینم)، عماد وسیم (مینٹور) اور اعظم خان (دونوں ڈائمنڈ)، فہیم اشرف (برانڈ ایمبیسیڈر)، ایلکس ہیلز اور کولن منرو (آل گولڈ)، رومان رئیس (کامیاب ریلیگیشن کے بعد سلور کیٹیگری میں شامل کیے گئے)۔

ملتان سلطانز
ملتان سلطانز (7)، محمد رضوان اور افتخار احمد (پلاٹینم)، خوشدل شاہ اور اسامہ میر (دونوں ڈائمنڈ)، عباس آفریدی (گولڈ)، احسان اللہ (برانڈ ایمبیسیڈر، سلور)، فیصل اکرم (ایمرجنگ)۔

کراچی کنگز
کراچی کنگز کی جانب سے جیمز ونس اور حسن علی (ڈائمنڈ)، شان مسعود (برانڈ ایمبیسیڈر)، شعیب ملک (مینٹور) اور تبریز شمسی (آل گولڈ)، میر حمزہ (کامیاب ریلیگیشن درخواست) اور محمد اخلاق (دونوں سلور)، محمد عرفان خان (ایمرجنگ) کے طور پر شامل کیے گئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز (8)، رلی روسو (پلاٹینم)، محمد وسیم جونیئر، جیسن رائے اور ونندو ہسارنگا (آل ڈائمنڈ)، سرفراز احمد (برانڈ ایمبیسڈر)، ابرار احمد اور محمد حسنین (آل گولڈ)، ول سمیڈ (سلور) میں شامل کیے گئے ہیں۔

 

پشاور زلمی
پشاور زلمی (8)، بابر اعظم اور روومین پاول (پلاٹینم)، صائم ایوب اور ٹام کوہلر کیڈمور (آل ڈائمنڈ)، محمد حارث (برانڈ ایمبیسیڈر) اور عامر جمال (دونوں گولڈ)، خرم شہزاد (سلور)، حسیب اللہ (ایمرجنگ) میں شامل کیے گئے ہیں۔

 

واضح رہے کہ باقی کھلاڑیوں کے انتخاب کےلیے پی ایس ایل 9 کا ڈرافٹ 13 دسمبر کو لاہور میں منعقد ہوگا۔ کراچی کنگز نے محمد عامر، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے محمد نواز اور لاہور قلندرز نے فخر زمان کو ریلیز کردیا ہے۔

 

 

تعارف: News Editor