ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 میں کارکردگی دکھانے کے منتظر نئے کھلاڑی کون ہیں؟

 

پی ایس ایل پر نظریں جمانے والا ینگ ٹیلنٹ

لاہور 14 فروری :

 

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ ملک کے بہترین نوجوان ٹیلنٹ کو پلیٹ فارم فراہم کرنے کی بھرپور تاریخ رکھتی ہے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 بھی باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانے کے لیے تیار ہے۔ مہلک تیز بولرز اور ماہر اسپنرز سے لے کر باکمال بیٹسمینوں تک، یہ تمام کھلاڑی بڑے مرحلے پر خود کو ثابت کرنا چاہتے ہیں۔

 

محمد ذیشان ( پشاور زلمی ) محمد ذیشان پاکستان کی انڈر 19 ٹیم کے باصلاحیت فاسٹ بولر ہیں جو 6 فٹ 8 انچ قد کی وجہ سے حریف بیٹسمینوں کے لیے پریشانی کا سبب بنتے ہیں۔

ذیشان نے پشاور زلمی میں اپنے شمولیت کے بارے میں کہا: "پشاور زلمی کے لیے منتخب ہونا میرے لیے ایک بڑا لمحہ تھا کیونکہ پی ایس ایل دنیا کی بہترین لیگز میں سے ایک ہے۔ میں دنیا کے بہترین بیٹسمین بابر اعظم کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کروں گا اور ان کے ساتھ کھیلوں گا، جس کے لیے میں بہت پرجوش ہوں۔

سعد بیگ ( کراچی کنگز ) کراچی میں پیدا اور پرورش پانے والے پاکستان انڈر 19 کے کپتان سعد بیگ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن میں اپنے آبائی شہر کی نمائندگی کریں گے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین نے پاکستان انڈر 19 کو آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ 2024 کے سیمی فائنل میں پہنچایا۔ پچھلے سال انہوں نے پاکستان انڈر 19 کو اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے سیمی فائنل تک پہنچایا تھا۔

سعد نے کراچی کنگز کی جانب سے منتخب کیے جانے کے بارے میں کہتے ہیں ” کسی بھی نوجوان کے لیے یہ لیگ کھیلنا ایک خواب پورا ہونا ہے۔ میں کراچی کنگز کی جانب سے منتخب ہونے کو اپنے لیے ایک کارنامہ سمجھتا ہوں

اس لیے یہ میرے لیے بہت بڑا لمحہ تھا۔میں ایک بہت ہی تجربہ کار ڈریسنگ روم کا حصہ ہوں گا اور میں اپنے کھیل کو بہتر بنانے کی کوشش کروں گا جتنا کہ میں کر سکتا ہوں۔ میں شعیب ملک اور کیرون پولارڈ جیسے سینئرز سے ان کے کام کے بارے میں پوچھوں گا۔ انہوں نے دنیا بھر میں بہت سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلی ہے اس لیے ان سے سیکھنا میرے مستقبل کے لیے بھی اچھا ہوگا-

عبید شاہ ( اسلام آباد یونائیٹڈ ) دائیں ہاتھ کے تیز بولر عبید شاہ تیز رفتار بیٹری کو مضبوط کرنے کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ میں اپنے بھائیوں ٹیسٹ کرکٹر نسیم شاہ اور فرسٹ کلاس کھلاڑی حنین شاہ کے ساتھ شامل ہوں گے۔ پاکستان انڈر 19 کے لیے اپنے ڈیبیو کے بعد سے عبید شاہ ٹیم کے لیے ایک اہم اثاثہ بن گئے ہیں۔

وہ کہتے ہیں “جب مجھے معلوم ہوا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے مجھے چن لیا ہے تو مجھے یقین نہیں آیا۔ میرے لیے یہ بہت اہم ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے مجھ پر بھروسہ کیا، اور میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے

ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی امید کرتا ہوں۔یہ بہت دلچسپ ہے کہ میں اپنے دونوں بھائیوں کی طرح ایک ہی ٹیم میں ہوں۔ اور شاداب خان کی کپتانی میں کھیلنا اعزاز کی بات ہے۔ میں ان سے سیکھنے کا منتظر ہوں۔

شامل حسین ( اسلام آباد یونائیٹڈ ) شامل حسین ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے کے لیے تیار ہیں، وہ ایک ٹاپ آرڈر بیٹسمین ہیں جو متاثر کن اسٹروک پلے کے لیے مشہور ہیں۔ بائیں ہاتھ کے نوجوان بیٹسمین شامل حسین برائن لارا کے مداح ہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ انہوں نے اپنی تکنیک اور شاٹس کو ویسٹ انڈیز کے بیٹنگ لیجنڈ برائن لارا سے اپنایا ہے۔

ٹیم میں شمولیت کے بارے میں شامل نے کہا: "میں ڈرافٹ پر نظر رکھے ہوئے تھا اور جب مجھے ایمرجنگ کیٹیگری میں منتخب نہیں کیا گیا تو مجھے اپنا دل ڈوبتا ہوا محسوس ہوا اس لیے میں نے کچھ دیر کے لیے اپنا فون بند کر دیا۔

جب میں نے اسے دوبارہ آن کیا تو میں نے دیکھا کہ میرے کوچ کا پیغام مجھے مبارکباد دے رہا ہے۔ میں یقین نہیں کر سکتا تھا کہ مجھے منتخب کرلیا گیا تھا. میری محنت کا نتیجہ دیکھنا بہترین احساس تھا۔

سید فریدون ( لاہور قلندرز ) سید فریدون بائیں ہاتھ کے کلائی اسپنر ہیں جو لاہور قلندرز کی نمائندگی کریں گے۔ لاہور قلندرز نے انہیں پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کے حصے کے طور پر 2021 میں بگ بیش لیگ میں میلبورن اسٹارز کی نمائندگی کے لیے بھیجا تھا۔

اگرچہ فریدون 2022 میں قلندرز اسکواڈ کا حصہ تھے لیکن انہیں کسی میچ میں شامل نہیں کیا گیا۔ نوجوان اسپنر اس سیزن میں اپنا ڈیبیو کرنے کی امید کر رہے ہیں۔

وہ کہتے ہیں ” ٹیم اور انتظامیہ مجھ سے جو توقعات رکھتی ہے میں اسے پورا کرنا چاہتا ہوں ۔دنیا بھر سے ٹاپ کھلاڑی اس لیگ میں کھیلنے آتے ہیں اور میں ان سے مقابلہ کرنے کی خواہش رکھتا ہوں۔ میں نے پچھلے دو سیزن میں راشد خان کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کیا ہے اس لیے میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔

فیصل اکرم ( ملتان سلطانز ) ایک اور بائیں ہاتھ کے کلائی اسپنر فیصل اکرم لیگ کے نویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے کے لیے تیار ہیں۔ فیصل کو اس سے قبل 2022 میں کراچی کنگز نے منتخب کیا تھا لیکن پچھلے دو سیزن میں وہ بنچ پر بیٹھے رہے تھے۔ اس سال ایک کامیاب ڈومیسٹک سیزن کی وجہ سے فیصل اپنے ایچ بی ایل پی ایس ایل ڈیبیو کی امید کر رہے ہیں۔

"ملتان میرا گھر ہے اس لیے یہ بہت اچھا لگتا ہے کہ مجھے شہر کی نمائندگی کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ اگر مجھے کھیلنے کا موقع ملا تو میں میدان میں اپنا 100 فیصد حصہ دوں گا۔ میں سیزن کے بہترین ابھرتے ہوئے کھلاڑی کے طور پر سیزن کا اختتام کرنا چاہتا ہوں۔

خواجہ محمد نافع ( کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ) خواجہ محمد نافع دائیں ہاتھ کے بیٹسمین ہیں جنہیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے منتخب کیا ہے۔ نافع کو پہلے ہی فرنچائز لیگز میں کھیلنے کا تجربہ ہے۔
"جب مجھے یہ خبر ملی کہ مجھے کوئٹہ نے چن لیا ہے تو میرے کوچ میرے ساتھ تھے۔ یہ میرے لیے بہت خاص لمحہ تھا کیونکہ انہوں نے میرے ساتھ سخت محنت کی ہے۔ یہ میرے لیے بہت بڑی بات ہےکیونکہ اس لیگ میں پرفارم کرنا قومی ٹیم میں آپ کے سلیکشن کی راہ ہموار کرتا ہے۔

"میں جیسن روئے، محمد عامر اور سرفراز احمد کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے کے لیے بہت ُپرجوش ہوں۔ مجھے ان تجربہ کار کرکٹرز سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔

 

error: Content is protected !!