تیسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں پر مشتمل سیریز دو ایک سے جیت لی۔
ڈبلن میں کھیلے گئے تیسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کی جانب سے دیا گیا 179 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 17 اوورز میں باآسانی حاصل کرلیا۔
کپتان بابر اعظم 42 گیندوں پر 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگ میں 6 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔محمد رضوان نے 4 چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے 56 رنز بنائے،
صائم ایوب 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، افتخار احمد 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اعظم خان 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ آئرلینڈ کی جانب سے تین وکٹیں مارک ادائر نے حاصل کیں جبکہ کریگ یونگ ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
اس سے قبل آئرلینڈنے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے تھے اور پاکستان کو جیت کے لیے 179 رنز کا ہدف دیا تھا۔
کپتان لورکان ٹکر نے 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، اینڈی بالبرنی 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ہیری ٹیکٹر نے بھی 30 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں، عباس آفریدی نے 2، محمد عامر اور عماد وسیم ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔ فاسٹ بولر حسن علی نے تین اوور میں 42 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔
ڈبلن میں کھیلے جارہے تیسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر آئرلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔قومی ٹیم میں نسیم شاہ کی جگہ فاسٹ بولر حسن علی کی واپسی ہوئی تھی۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں کے درمیان تین میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔
پہلے ٹی ٹوئنٹی میں آئرلینڈ نے 5 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی، جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان نے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون ; اس میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد رضوان، فخر زمان، اعظم خان (وکٹ کیپر)، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین آفریدی، حسن علی، عباس آفریدی اور محمد عامر شامل تھے۔
آئرلینڈ کی پلیئنگ الیون ; اس میچ کے لیے آئرلینڈ کی پلیئنگ الیون میں اینڈی بالبرنی، روس اڈائر، لورکان ٹکر ( کپتان، وکٹ کیپر)، نِیل راک، ہیری ٹیکٹر، کرٹس کیمفر، جورج ڈوکریل، مارک اڈائر، گراہم ہُومے، کریگ ینگ اور بینجیمن وائٹ شامل تھے۔
آئرلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد پاکستانی ٹیم چار ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ روانہ ہوگی۔