اسکاٹ لینڈ اور انگلینڈ کا میچ بارش کے باعث ختم کردیا گیا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے چھٹے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے انگلینڈ کو جیت کیلئے 109رنز کا ہدف دیا لیکن مسلسل بارش کے باعث میچ مکمل نہ ہوسکا۔
برج ٹاؤن ویسٹ انڈیز میں شیڈول میچ میں اسکاٹ لینڈ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
اسکاٹ لینڈ نے ساتویں اوور میں بغیر نقصان کے 51 رنز بنائے تھے کہ میچ بارش کی وجہ سے روک دیا گیا۔ کافی دیر تک میچ رکا رہا جس کے بعد میچ کو 10 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا۔
دوبارہ میچ شروع ہوا تو اسکاٹ لینڈ نے 10 اوورز میں 90 رنز بنائے اور کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں ہوا۔
اسکاٹش بلے باز مائیکل جونز نے 45 اور جارج مونسی نے 41 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔
ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت انگلینڈ کو 109 رنز کا ہدف دیا گیا۔
انگلینڈ کی ٹیم اپنی باری کا انتظار ہی کرتی رہ گئی لیکن موسلادھار برسات کے باعث ان کی اننگز شروع نہ ہوسکی اور میچ کو منسوخ کر دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا،
سکاٹ لینڈ کا سکواڈ ; جارج منسی، مائیکل جونز، برینڈن میک ملن، رچی بیرنگٹن (کپتان)، میٹ کراس (وکٹ کیپر)، مائیکل لیسک، کرس گریوز، مارک واٹ، بریڈ وہیل، کرس سول اور بریڈ کیوری سکاٹ لینڈ کی ٹیم کا حصہ تھے۔
انگلینڈ کا سکواڈ ; جوز بٹلر (کپتان اور وکٹ کیپر)، فل سالٹ، ول جیکس، جونی بیرسٹو، ہیری بروک، معین علی، لیام لیونگسٹون، کرس جارڈن، جوفرا آرچر، مارک ووڈ اور عادل رشید انگلینڈ کے سکواڈ میں شامل تھے۔