ٹی 20 ٹی ورلڈ کپ: پاک بھارت روایتی حریف نیو یارک میں آمنے سامنے
…….اصغرعلی مبارک .
ٹی 20 ٹی ورلڈ کپ کے روایتی حریف پاک بھارت نیو یارک میں اتوار9 جون کوآمنے سامنے ہوں گے۔
دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث پاکستان اور بھارت صرف آئی سی سی مقابلوں میں مدمقابل ہوتے ہیں، آخری بار دونوں ٹیموں کا ٹاکرا آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ 2022 میں ہوا تھا، میلبرن میں ہونے والے میچ میں بھارت نے پاکستان کو شکست دی تھی۔
نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت 13ویں بار مدمقابل ہوں گے، اب تک کے مقابلوں میں بھارتی ٹیم کا پلڑا بھاری ہے جو 12 میں سے 9 میچز جیت چکی ہے، جب کہ پاکستان کو صرف 3 میں کامیابی حاصل ہوئی۔
یہ میچ پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے پاکستان کو18ویں نمبر پر موجود امریکا کی ٹیم سے حیران کن شکست کے بعد پہلے راؤنڈ میں ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کا خطرہ ہے اور اگر اورمگر کھیل کا شروع ہوگیا ہے
دوسری جانب چھٹے نمبر پر موجود پاکستان کو ہرانے کے بعد امریکا میں کرکٹ میں دلچسپی بڑھ گئی ہے لوگ سمجھ رہے ہیں کہ کرکٹ کیا ہے۔
اس سے قبل 2019 اور 2023 کے ورلڈ کپ میں بھی پاکستانی ٹیم کو اسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ چکا ہے اور قومی ٹیم دونوں ہی مواقع پر اگلے مرحلے میں نہیں پہنچ سکی تھی۔
ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان کی نووارد ٹیموں کے ہاتھوں کی بھی طویل تاریخ ہے جہاں 1999 کے ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش، 2007 کے ورلڈ کپ میں آئرلینڈ سے قومی ٹیم ہار گئی
اور اس مرتبہ پاکستان نے امریکا کے ہاتھوں ہار کر اپنی ناپسندیدہ روایت کوجاری رکھا امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں شائقین کرکٹ کو پاکستان اور بھارت کے مقابلے کا بے صبری سے انتظار ہے
دونوں ٹیمیں آئی سی سی، بین الاقوامی کرکٹ مقابلوں کے علاوہ ایک دوسرے کے مد مقامل نہیں آتی اور ان کے درمیان آخری ٹیسٹ میچ 2007 میں ہوا تھا۔
یاد رہے کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے سابق کمشنر للت مودی نے دعویٰ کیا تھا کہ روایتی حریفوں کے درمیان نیویارک میں شیڈول میچ کے ٹکٹ کی قیمت 20ہزار امریکی ڈالر(56لاکھ پاکستانی روپے) تک پہنچ چکی ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان 5 درج ذیل مقابلے ہوئےہیں۔پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلا ٹی20 مقابلہ 2007 میں جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں ہوا جو بغیر کسی نیتجے کے ختم ہوا اور تب تک آئی سی سی نے سپر اوور متعارف نہیں کروایا تھا
لہذا میچ کا فیصلہ بال آؤٹ – فٹبال کی طرح پینلٹی شوٹس پر ہوا۔ اس میں دونوں ٹیموں کے باؤلرز وکٹیں اڑانے کی کوشش کرتے ہیں اور جو زیادہ بار بیلز اڑانے میں کامیاب ہوتا ہے، وہی ٹیم جیت جاتی ہے۔
پاکستان نے گروپ میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹ کے نقصان پر 141 رنز بنائے اور بھارت بھی اتنے ہی رنز بناسکا، تاہم بال آؤٹ میں اس وقت کے بھارتی کپتان ایم ایس دھونی نے عقلمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ریگولر باؤلرز کے بجائے نان ریگولر باؤلرز کو گیند تھمائی۔ بھارت کی جانب سے پارٹ ٹائم باؤلرز وریندر سہواگ، روبن اتھاپا
اور آف اسپنر ہربجھن سنگھ بیلز اڑانے میں کامیاب رہے، اس کے برعکس پاکستان نے اپنے ٹاپ باؤلرز کو آزمایا اور حیران کن طور پر یاسر عرفات، عمر گل اور شاہد آفریدی کی گیند وکٹوں کو چھوئے بغیر نکل گئیں۔
خیال رہے کہ ٹی20 ورلڈکپ کی تاریخ میں یہ واحد میچ تھا جس کا فیصلہ بال آؤٹ کی بنیاد پر ہوا، بعد میں آئی سی سی نے سپر اوور متعارف کروادیا تھا۔ٹی20 ورلڈکپ 2007 میں گروپ اسٹیج کے مقابلے کے 10 دن بعد دونوں ٹیموں کا سامنا جوہانسبرگ میں ہونے والے فائنل میں ہوا،
اور دونوں ٹیمیں پہلی اورآخری بار ٹی20 ورلڈکپ فائنل میں مدمقابل ہوئیں۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن ہمیشہ کی طرح ناکام ثابت ہوئی، شائقین کرکٹ، یہاں تک کہ خود پاکستانی ٹیم بھی ہمت ہارچکی تھی ت
اہم مصباح الحق وکٹ کی دوسری سائیڈ پر آخر تک ڈٹے رہے، اور آخری اوور میں پاکستان کو جیت کے لیے 13 رنز درکار تھے۔مصباح الحق نے ایک بار پھر اپنے دماغ کا استعمال کرتے ہوئے ایک غیر معروف باؤلر جوگیندر شرما کو گیند تھمائی، ایک وائیڈ اور ایک ڈاٹ بال کے بعد مصباح الحق نے زوردار چھکا لگایا،
اب قومی ٹیم کو پہلا ٹی20 ورلڈکپ اپنے نام پر کرنے کے لیے 4 گیندوں پر 6 رنز درکار تھے۔ مصباح الحق نے تیسرے گیند پر سیدھی شارٹ مارنے کے بجائے اسکوپ شارٹ مارنے کی کوشش کی اور گیند ہوا میں بلند ہوگئی اور شارٹ فائن لیگ پر موجود سری شانتھ کے ہاتھوں میں پہنچتے ہی پاکستان کی ٹرافی گھر لانے کی ساری امیدیں دم توڑ گئیں،
کیوں کہ بھارت 5 رنز سے ٹی20 ورلڈکپ چیمپئن بن چکا تھا۔متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ کے گروپ میچ میں پاکستان کے مقابلے میں بھارتی ٹیم کو فیورٹ سمجھا جارہا تھا
لیکن شاہین شاہ آفریدی نے بھارتیوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ شاہین آفریدی نے روہت شرما کو پہلی ہی گیند پر پویلین واپس بھیجنے کے بعد کے ایل راہل کو آؤٹ کرکے صرف 31 رنز پر انڈیا کے ٹاپ آرڈر کا صفایا کیا،
ویرات کوہلی 57 رنز بنانے کے بعد شاہین آفریدی کا شکار بنے۔ابتدائی وکٹیں جلدی گرنے کے باوجود بھارت 151 رنز بنانے میں کامیاب رہا، تاہم پھر بابراعظم اور محمد رضوان نے ٹی20 کی مشہور زمانہ اننگز 0-152 کھیلی جو آج تک بھارتیوں کو یاد ہے،
بابراعظم 68 اور محمد رضوان 79 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے اور یوں پاکستان بھارت کے خلاف ٹی20 ورلڈکپ میں پہلی مگر تاریخی جیت حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔
سال 2022 میں ہونے والے ایشیاکپ کےدوران پاکستان اور بھارت کا مقابلہ دبئی میں ہوا، بھارت نے ویرات کوہلی کی 60 رنز کی اننگز کی بدولت 181 رنز بنائے، تاہم محمد نواز اور شاداب خان میچ میں نپی تلی باؤلنگ نہیں کرتے تو یہ ہدف مزید بڑا ہوسکتا تھا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن ایک بار پھر لڑکھڑاگئی، تاہم محمد نواز نے آخری لمحات میں 20 گیندوں پر 42 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر پاکستان کو5 وکٹوں سے جیت دلائی ,
آخری بار 2022 کے ٹی20 ورلڈکپ کے گروپ میچ میں میلبرن میں مدمقابل ہوئے، پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹ کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 31 رنز پر 4 کھلاڑی گنوا چکی تھی،
ایسے میں ویرات کوہلی مرد بحران ثابت ہوئے، انہوں نے ہاردک پانڈیا کے ساتھ ملکر نہ صرف 113 رنز کی شراکت قائم کی بلکہ 53 گیندوں پر 83 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر بھارت کو جیت سے بھی ہمکنار کروایا۔
بھارت کو 12 گیندوں پر 31 رنز درکار تھے لیکن 19ویں اوور میں ویرات کوہلی کے فاسٹ بولر حارث رؤف کو لگائے گئے 2 یادگار چھکے آج بھی پاکستانی قوم نہیں بھولی، بھارت نے میچ آخری گیند پر 4 وکٹ سے جیت لیا تھا۔
دریں اثنا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی20 ورلڈکپ میں 9 جون کو پاک بھارت مقابلے کے دوران راولپنڈی میں فین پارک بنانے کا اعلان کیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران مختلف میچز کے لیے 5 ممالک میں 9 فین پارک بنانے کا اعلان کیا گیا ہے جو ہر میچ سے 90 منٹ پہلے شائقین کرکٹ کے لیے کھول دیے جائیں گے،
یہ فین پارک راولپنڈی، نئی دہلی، برمنگھم، جوہانسبرگ اور ٹیکساس میں لگائے جائیں گے۔ مجموعی طور پر ان 9 فین پارکس میں آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے 22 میچز براہ راست دکھائے جائیں گے،
ان پارکس میں عوام کی تفریح کے لیے ڈی جے سمیت کھانے پینے کا بھی بھرپور انتظام کیا جائے گا، یہ آئی سی سی کی اب تک کی سب سے بڑی براڈ کاسٹ ہوگی۔
آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا میچ 9 جون کو نیویارک میں ہوگا لیکن 11 ہزار کلو میٹر دور راولپنڈی میں موجود شائقین کرکٹ بھی اپنے شہر کے اسٹیڈیم میں اس میچ کا مزہ لیں گے۔
آئی سی سی ترجمان کے مطابق پاک بھارت ٹاکرے کے لیے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں فین پارک بنایا جائے گا، اس دوران شائقین کرکٹ بڑی اسکرین پر میچ انجوائے کریں گے۔
یاد رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ کا آغاز یکم جون سے ہوا ہے اور ایونٹ کے گروپ اے میں موجود پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 9 جون کو نیویارک میں مدمقابل ہیں۔