آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سپر ایٹ مرحلے کے میچ میں جنوبی افریقہ نے امریکا کو 18 رنز سے شکست دے دی۔
جنوبی افریقہ کے اوپنر کونٹین ڈی کاک جنھوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تھا انھیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اینٹیگا،نارتھ ساؤنڈ کے سر ویو رچرڈز اسٹیڈیم میں امریکا نے جنوبی افریقہ کےخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے،کوئنٹن ڈی کک 74 رنز بناکر نمایاں رہے۔
کپتان ایڈن مارکرم نے 46 رنز بنائے جبکہ ہنرک کلاسن 36 اور ٹرسٹن اسٹبز 20 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ امریکا کے سوربھ نتراواکر اور ہرمیت سنگھ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں امریکی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز تک محدود رہی اور 18 رنز سے پروٹیز کامیاب ہوگئے۔
امریکا کی جانب سے اینڈریزگوس 80 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیل کر بھی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کراسکے۔
اس سے قبل امریکا نے حریف کو ٹف ٹائم دینے کے لیے ٹاس جیت کر میدان سنبھالنے کا فیصلہ کیا اور جنوبی افریقہ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی.
میگا ایونٹ میں اگلا میچ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان ہوگا، بعد ازاں بھارت اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ یاد رھے سپر 8 مرحلے کے میچز، سیمی فائنلز اور فائنل ویسٹ انڈیز میں کھیلے جائیں گے۔