پہلا چار روزہ میچ: پاکستان شاہینز نے پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر 367 رنز بنالیے۔
عمرامین 177 اور سعود شکیل 76 رنز بناکر آؤٹ ، شاہینز کو 245 رنز کی برتری حاصل ۔
———————————————-
اسلام آباد 14 اگست ۔
عمر امین کی شاندار سنچری اور کپتان سعود شکیل کے 76 رنز کی بدولت پاکستان شاہینز نے بنگلہ دیش اے کے خلاف چار روزہ میچ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر 367 رنز بنالیے۔
اس سے قبل بنگلہ دیش اے کی ٹیم پہلے دن اپنی پہلی اننگز میں 122 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ اسطرح پاکستان شاہینز کو 245 رنز کی برتری حاصل ہوگئ ہے اور اس کی 6 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔
اسلام آباد کلب میں میچ کے دوسرے روز پاکستان شاہینز نے اپنی پہلی اننگز2 رنز بغیر کسی نقصان پر شروع کی تاہم صائم ایوب 11 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
عمرامین اور محمد ہریرہ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 96 رنز کا اضافہ کیا۔محمد ہریرہ پانچ چوکوں کی مدد سے 39 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
عمرامین نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی 32 ویں سنچری 128گیندوں پر مکمل کی۔ وہ 177 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 23چوکے اور 3 چھکے شامل تھے یہ ان کے فرسٹ کلاس کریئر کا دوسرا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔
اس سے قبل انہوں نے نومبر2012 میں پورٹ قاسم اتھارٹی کی طرف سے حبیب بینک کے خلاف 281 رنز اسکور کیے تھے۔
عمرامین نے کپتان سعود شکیل کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 195 رنز کا اضافہ کیا۔
سعود شکیل نے 76 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 9 چوکے شامل تھے۔
کھیل کے اختتام پر سعد خان چھ چوکوں کی مدد سے 31 اور کامران غلام ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 20 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
بنگلہ دیش اے کی طرف سے حسن مراد نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
مختصر اسکور۔ بنگلہ دیش اے پہلی اننگز 122 ( محمود الحسن جوئے 65 ۔ نسیم شاہ 24 / 3 وکٹ ۔ میرحمزہ 33 / 3 وکٹ ۔ رمیز جونیئر41 / 2 وکٹ )
پاکستان شاہینز پہلی اننگز 367 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ ( عمر امین 177 سعود شکیل 76۔ حسن مراد 49 / 2 وکٹ ) ۔