پہلی سندھ بلوچستان ٹریڈیشنل آرچری سیریزبلوچستان نے جیت لی
کراچی اسپورٹس رپورٹر)
جشن آزادی کے موقع پر پاکستان ٹریڈیشنل آرچری فیڈریشن کے زیر اہتمام 14اگست کو سندھ اور بلوچستان کے تیر اندازوں کے درمیان اپنی نوعیت کی پہلی سندھ بلوچستان ٹریڈیشنل آرچری سیریزکا انعقاد کیا گیا
جس میں بلوچستان کے تیر اندازو ں نے کامیابی سمیٹ لی۔ ٹریڈیشنل اسپورٹس اینڈ گیمز کے عالمی دن کے موقع پر منعقد ہونے والی اس سیریز میں دونوں جانب سے آٹھ آٹھ تیر اندازوں نے شرکت کی تھی۔
ان مقابلوں میں بلوچستان کے تیر اندازوں نے اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے گولڈ،سلور اوربرانز میڈلز جیت کر جنرل ٹرافی بھی اپنے نام کی۔
نتائج کے مطابق انفرادی مقابلوں میں بلوچستان کے عبدالباری نے گولڈ،سید سمیع اللہ شاہ نے سلور اور محمد سردار ترہ کئی نے برانز میڈلز جیتا۔
پاکستان ٹریڈیشنل آرچری فیڈریشن کی سیکریٹری جنرل کنول حسان کا اس یادگار موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان ٹریڈیشنل آرچری فیڈریشن کے زیر اہتمام اور زیر انتظام منعقد ہونے والی اس سیریز سے پاکستان میں روائتی آرچری کو فروغ ملے گا،
ہماری کوشش ہے کہ اسی سال اس کی نیشنل چیمپئن شپ بھی منعقد کروائی جائے جس کی پلاننگ کی جا رہی ہے۔
انہوں نے پہلی بار منعقد ہونے والی سیریز جیتنے والے بلوچستان کی ٹیم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ سندھ کے کھلاڑی بھی آئندہ آنے والے ایونٹس میں بہتر کارکردگی پیش کریں گے۔