سری لنکا نے تاریخ رقم کر دی، نیوزی لینڈ کے خلاف 15 سال بعد ٹیسٹ سیریز جیت لی
سری لنکا نے 15 سال بعد نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیت لی۔ اس سے قبل 2009 میں اس نے اپنے گھر پر ٹیسٹ سیریز میں نیوزی لینڈ کو 2-0 سے شکست دی تھی
گال میں کھیلے گئے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں میزبان سری لنکا نے اننگ اور 154 رنز کے بھاری مارجن سے جیت نیوزی لینڈ کو سیریز میں وائٹ واش کر دیا۔ گزشتہ سال کیویز نے اپنی سر زمین پر سری لنکا کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔
گال میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگ میں فالو آن ہونے کے بعد دوسری اننگ میں 360 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ کیوی بیٹنگ کو تباہ کرنے والے لنکن بولرز پرباتھ جے سوریا اور نشان پیئرس تھے جنہوں نے مجموعی طور 18 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل سری لنکا نے پہلی اننگ 5 وکٹوں کے نقصان پر 602 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی تھی۔ تین بلے بازوں نے سنچریاں اسکور کیں۔ کمیندو مینڈس نے نا قابل شکست 182 رنز کی اننگ کھیلی، دنیش چندی مل (116) اور کوشل مینڈس (106) کے ساتھ نمایاں رہے۔
رنز کا پہاڑ دیکھ کر نیوزی لینڈ بلے بازوں پر ایسا لرزہ طاری ہوا کہ پوری ٹیم 88 رنز پر ڈھیر ہوکر فالو آن ہوگئی۔ پربھات جے سوریا نے 33 رنز دے کر 6 جب کہ نشان پیئرس نے 42 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دوسری اننگ میں کیویز نے مزاحمت کی کوشش کی لیکن پوری ٹیم صرف 360 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ اس بار نشان پیئرس نے 6 جب کہ پربھات جے سوریا نے 3 شکار کیے۔
مینڈس کو 182 رنز کی نا قابل شکست اننگ کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی جب کہ پربھات جے سوریا کو 18 وکٹیں اڑانے پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
سری لنکا نے پہلا ٹیسٹ میچ 63 رنز سے جیتا تھا۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے گزشتہ سال اپنی سر زمین پر دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں سری لنکا کو وائٹ واش کیا تھا۔