پی بی سی سی ورلڈ بلائنڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ سے قبل پاکستان بلائنڈ سپر لیگ 22 سے 28 اکتوبر تک بہاولپور میں کھیلی جائے گی ، سید سلطان شاہ
پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) ورلڈ بلائنڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان بلائنڈ سپر لیگ 22 اکتوبر سے بہاولپورمیں شروع ہوگی ۔
پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ کے صدر سید سلطان شاہ نے ’’اے پی پی ‘‘کو بتایا کہ پاکستان بلائنڈ سپر لیگ22 سے 28اکتوبر تک بہاولپور میں منعقد ہوگی
جس میں ملک بھر سے 4 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں سندھ، بلوچستان، پنجاب اورخیبر پختونخوا شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے،
یہ ایونٹ جون 2025 میں منعقد ہونا تھا تاہم ورلڈ کپ کی آمد کے باعث اس ایونٹ کوورلڈ کپ سے قبل منعقد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کی تیاریاں کرنے کا موقع فراہم کیا جاسکے ۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ بلائنڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ 22 نومبر سے 3 دسمبر تک لاہور اور ملتان میں منعقد کیا جائے گا جس کی افتتاحی تقریب22 نومبرکو لاہور میں ہوگی جس کی مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ہونگی۔
ایونٹ کے سیمی فائنل مقابلے یکم دسمبر جبکہ فائنل3 دسمبرکو معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر کھیلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلائنڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ میں 7 ٹیمیں حصہ لیں گی
جن میں میزبان پاکستان کے علاوہ افغانستان،بھارت،بنگلہ دیش، سری لنکا ، جنوبی افریقہ اور نیپال کی ٹیمیں شامل ہبں۔