گلبہارکے سپورٹس پلازہ میں اندھیروں کا راج,میٹروپولیٹین حکام کی غفلت اور کھلاڑیوں کی مشکلات
پشاور: گلبہار پشاور میں واقع سپورٹس پلازہ بجلی سے محروم ہے، اور یہاں زیر تربیت مارشل آرٹس کے بچے اور بچیاں اندھیرے میں کھیلنے پر مجبور ہیں۔
کئی ماہ سے میئر پشاور اور پیسکو کے دفاتر میں درجنوں درخواستیں دی گئیں لیکن کوئی شنوائی نہ ہوسکی، جس نے ضلعی حکومت کے کھلاڑیوں کی سرپرستی کے دعووں کی قلعی کھول دی ہے۔
یہ سپورٹس پلازہ جو میٹروپولیٹین انتظامیہ کے تحت بنایا گیا ہے، تاہم ابھی تک یہاں بجلی نہیں ہے،جس کی وجہ سے مارشل آرٹس اکیڈمی کے لیے بجلی کے کنکشن سے محروم ہے اور کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ان کے والدین اور علاقے کے لوگ بھی سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
بجلی نہ ہونے کے باعث رات کے وقت اکیڈمی میں تربیت مشکل ہو گئی ہے، جس سے نہ صرف کھلاڑیوں کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے بلکہ ان کی حفاظت پر بھی سوالیہ نشان کھڑا ہو چکا ہے۔
والدین اور اہالیان گلبہار نے انتظامیہ سے فوری طور پر سپورٹس پلازہ کو بجلی کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ کھلاڑیوں کی تربیت کا عمل بحال ہو سکے اور نوجوانوں کو کھیلوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
میئر پشاور اور متعلقہ انتظامیہ کی اس غفلت نے نہ صرف گلبہار کے نوجوانوں کے لیے مشکلات کھڑی کی ہیں بلکہ ضلعی حکومت کی کھیلوں کی ترقی اور سرپرستی کے دعووں کی حقیقت بھی عیاں کر دی ہے۔