پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور انگلینڈ کے مابین راولپنڈی میں ہونے والے سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے دن یعنی 24 اکتوبر کو شائقین کے لیے فری انٹری کا اعلان کردیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے میراں بخش، یاسر عرفات، سہیل تنویر اور شعیب اختر انکلوژرز میں شائقین کے لیے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز انٹری بالکل فری ہوگی۔
باقی دنوں میں ٹکٹ کتنے کا ملے گا؟
پی سی بی نے کہا ہے کہ میچ کے دوسرے دن مذکورہ انکلوژرز کے لیے ٹکٹ کی فیس 200 روپے ہوگی جبکہ ٹیسٹ میچ کے تیسرے، چوتھے اور آخری روز ان انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 300 روپے ہوگی۔
وی آئی پی انکلوژرز ; پی سی بی کے مطابق، عمران خان، جاوید اختر، جاوید میانداد اور اظہر محمود انکلوژر سمیت تمام پی آئی پی انکلوژرز کے ٹکٹ کی ٹیسٹ میچ کے پہلے روز قیمت 400 روپے اور باقی دنوں کے لیے ٹکٹ کی قیمت 500 روپے ہوگی۔
وی وی آئی پی انکلوژر ; پی سی بی کے مطابق، پی آئی پی انکلوژرز کے لیے میچ کے پہلے روز ٹکٹ کی قیمت 2 ہزار روپے اور باقی دنوں کے لیے 2500 روپے ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ ٹیسٹ سیریز کے اب تک ہونے والے دونوں میچ ملتان میں کھیلے گئے تھے۔