پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان سمیت 5 افراد پر تاحیات پابندی عائد
پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے سابق قومی کپتان اولمپیئن ناصر علی سمیت 5 افراد پر تاحیات پابندی لگا دی۔ پی ایچ ایف کے صدر طارق بغتی اور سیکرٹری اولمپیئن رانا مجاہد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہاکی کی تاریخ میں پہلی بار متوازی فیڈریشن بنانے پر 5 افراد پر تاحیات پابندی لگائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن افراد پر پابندی عائد کی گئی ان میں اولمپیئن ناصر علی، اولمپیئن خالد بشیر، اولمپیئن سلیم ناظم، بین الاقوامی کھلاڑی حیدر علی اور علی عباس شامل ہیں۔ کانگریس میں فیصلہ ہوا کہ متوازی باڈی لانے والوں پر تاحیات لگائی جائے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہمیں وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے مشیر رانا ثنا اللہ کی مکمل حمایت حاصل رہی۔ جبکہ کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے ملاقات میں ہمیں اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ اور کراچی میں عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کا چارج دلانے میں ہماری مدد کی۔
صدر پی ایچ ایف نے کہا کہ ہاکی اسٹیڈیم پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ملکیت ہے۔ جبکہ لاہور اور کراچی میں ہاکی اسٹیڈیم کے حالات بھی ایک جیسے ہیں۔ کچھ وجوہات کی وجہ سے سندھ کے کھلاڑی قومی ٹیم میں منتخب نہیں ہوتے۔ پاکستان ہاکی میں ابھی بہتری کی ضرورت ہے۔