پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون : اذان اویس ۔ محمد اخلاق اور عادل امین کی سنچریاں
کے آر ایل کےارشد اللہ کی واپڈا کے خلاف سات وکٹیں۔
اسلام آباد ؛ 10 جنوری ۔ نوازگوھر
نوجوان بیٹر اذان اویس نے اپنی شاندار پرفارمنس کا سلسلہ پریذیڈنٹ ٹرافی میں وہیں سے شروع کیا ہے جو انہوں نے قائداعظم ٹرافی میں چھوڑا تھا۔
قائداعظم ٹرافی میں سب سے زیادہ 844 رنز بنانے والے اذان اویس نے پریذیڈنٹ ٹرافی میں ایشال ایسوسی ایٹ کی طرف سے ہائرایجوکیشن کے خلاف میچ کی دوسری اننگز میں 15 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 119 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ۔یاد رہے کہ انہوں نے پہلی اننگز میں 69 رنز اسکور کیے تھے۔ انہوں نے اپنے ایک ہزار فرسٹ کلاس رنز بھی محض 15 اننگز میں مکمل کرلیے ۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ایشال ایسوسی ایٹ نے دوسری اننگز 288 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی ۔
ہائر ایجوکیشن کو جیتنے کے لیے 406 رنز کا ہدف ملا۔ تیسرے دن کھیل کے اختتام پر اس نے 5 وکٹوں پر 136 رنز بنائے تھے۔محمد زبیر نے 51 رنز اسکور کیے۔عثمان طارق نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
ایچ پی سی اوول گراؤنڈ میں پی ٹی وی کی ٹیم دفاعی چیمپئن ایس این جی پی ایل کے 406 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 333 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔محمد طحہ اپنے گزشتہ روز کے اسکور86 میں اضافہ کیے بغیر آؤٹ ہوگئے۔ شہزاد گل اور آفتاب ابراہیم نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
ایس این جی پی ایل نے دوسری اننگز میں 8 وکٹوں پر 241 رنز بنائے تھے۔ مبصرخان نے 57 اور عرفات منہاس نے57 رنز اسکور کیے۔ فیصل اکرم نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں واپڈا نے کے آرا ایل کے خلاف دوسری اننگز 313 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔ محمد اخلاق نے 18 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 125 رنز اسکور کیے۔ ایاز تصور نے 98 رنز کی اننگز کھیلی۔
ارشد اللہ نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 77 رنز دے کر گرنے والی ساتوں وکٹیں حاصل کیں۔
کے آر ایل کو جیتنے کے لیے431 رنز کا ہدف ملا ہے کھیل ختم ہونے پر اس نے 4 وکٹوں پر 98 رنز بنائے تھے۔
ایس بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں او جی ڈی سی ایل کی ٹیم اسٹیٹ بینک کے خلاف دوسری اننگز میں369 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
عادل امین نے 13چوکوں کی مدد سے 117 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ سرور آفریدی نے 64 رنز کی اننگز کھیلی۔ نیاز خان نے86 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
اسٹیٹ بینک کو جیتنے کے لیے369 رنز کا ٹارگٹ ملا ہے کھیل ختم ہونے پر اس نے 2 وکٹوں پر 84 رنز بنائے تھے۔عمرامین نے دوسری اننگز میں بھی صفر پر آؤٹ ہوکر پیئر حاصل کیا۔