پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے مقابلے کے پہلے دن قومی ٹیم نے 4 وکٹ پر 143 رنز بنالیے ہیں۔
ملتان میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔
پہلے دن کا کھیل دھند کے باعث متاثر رہا اور مقررہ وقت کے بجائے دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہوا ، پاکستانی اننگز کا آغاز شان مسعود اور محمد ہریرہ نے کیا۔
قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 5 اعشاریہ 5 اوورز میں 16 رنز پر گری، بیٹر محمد ہریرہ 6 بناکر پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد 9 ویں اووور کی پہلی گیند پر20 کے مجموعی اسکور پر کپتان شان مسعود صرف 11 رنز بناکر میدان چھوڑ گئے۔
میچ کے 10 ویں اوور کی 5ویں گیند پر31 کے اسکور پر قومی ٹیم کو کامران غلام 5 رنز کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑا۔
میچ میں پاکستان کی چوتھی اور اہم وکٹ بابراعظم کی گری، جو صرف 8 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 46 رنز تھا۔
اس کے بعد پانچویں وکٹ پر سعود شکیل اور محمد رضوان نے 97 رنز کی ناقابل شکست قائم کرلی ہے، دونوں کھلاڑی اس دوران اپنی نصف سنچریاں مکمل کرنے میں بھی کامیاب رہے ہیں۔
پہلے دن کے اختتام پر سعود شکیل 56 اور محمد رضوان 51 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں،ویسٹ انڈیز کے جیڈن سیلز نے 3 جبکہ گداکیش موتی نے 1 وکٹ اپنے نام کی ہے۔
اس سے قبل پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا کہ پہلی اننگز میں اچھا اسکور کر کے آخری اننگز میں دباؤ ڈالیں گے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان 2 میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے، میچ دھند کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا۔
تاہم امپائرز نے گراؤنڈ فیلڈ کا جائزہ لینے بعد دوپہر ایک بجے ٹاس اور ڈیڑھ بجے میچ کے آغاز کا اعلان کیا۔
قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلی اننگز میں بڑا ٹوٹل کھڑا کر کے حریف ٹیم کو پریشانی میں ڈالنا چاہتے ہیں، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی آخری سیریز میں فتح سمیٹ کر سیزن کا اختتام کرنا پہلا ہدف ہے۔
اس موقع پر ویسٹ انڈیز کے کپتان کریگ براتھویٹ نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے تاہم کوشش ہوگی ابتداء میں میزبان ٹیم کیخلاف جلد وکٹیں لیکر انہیں مشکل میں ڈالیں۔
پاکستانی ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی نے ملتان ٹیسٹ کیلئے 3 سپنرز اور ایک فاسٹ باؤلر کے ساتھ کالی آندھی کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے نوجوان بیٹر محمد ہریرہ اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کر رہے ہیں۔
دونوں ٹیمیں 19 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہیں۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان یہ ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ کا حصہ ہے۔ تاہم دونوں ٹیمیں ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ کے فائنل کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہو چکی ہیں۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون ; اس میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں شان مسعود (کپتان)، محمد ہریرہ، بابر اعظم، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، ساجد خان، نعمان علی، خرم شہزاد اور ابرار احمد شامل ہیں۔
ویسٹ انڈیز کی پلیئنگ الیون ; اس میچ کے لیے ویسٹ انڈیز کی پلیئنگ الیون میں کریگ براتھ ویٹ (کپتان)، میکائل لوئس، کیسی کارٹی، کیوم ہوج، ایلک اتھانزے، جسٹن گریوز، ٹیوِن املاچ، کیون سنکلیئر، گوداکیش موتی، جومیل وریکان، عامر جانگو اور جیڈن سیلز شامل ہیں۔