آئی سی سی ویمنزکرکٹ ورلڈ کپ 2025 کا تبدیل شدہ شیڈول جاری

آئی سی سی ویمنزکرکٹ ورلڈ کپ 2025 کا تبدیل شدہ شیڈول جاری
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کا نظرِثانی شدہ شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت بنگلور کے چیناسوامی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچز اب ممبئی منتقل کر دیے گئے ہیں۔
نئے شیڈول کے مطابق ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم ممبئی میں تین لیگ میچز، ایک سیمی فائنل اور ممکنہ طور پر ایونٹ کا فائنل کھیلا جائے گا۔ ویمنز ورلڈ کپ 30 ستمبر سے 2 نومبر تک منعقد ہوگا جبکہ دیگر میزبان مقامات میں گواہاٹی، اندور، وشاکھاپٹنم اور کولمبو شامل ہیں۔
ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 29 اکتوبر کو گواہاٹی یا کولمبو میں کھیلا جائے گا، جب کہ دوسرا سیمی فائنل 30 اکتوبر کو نوی ممبئی میں شیڈول ہے۔ فائنل 2 نومبر کو کولمبو یا ممبئی میں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق ویمن ون ڈے ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچز ہائبرڈ ماڈل کے مطابق رکھے گئے ہیں، اگر پاکستان ویمنز ٹیم سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرتی ہے تو ان کا میچ کولمبو میں کھیلا جائے گا۔
اسی طرح پاک-بھارت سیمی فائنل کی صورت میں بھی مقابلہ کولمبو میں ہوگا۔ اگر پاکستان ویمنز ٹیم فائنل میں پہنچتی ہے تو ٹورنامنٹ کا فیصلہ کن معرکہ بھی کولمبو میں ہی ہوگا۔
پاکستان ویمنز ٹیم ایونٹ کا افتتاحی میچ 2 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف کولمبو میں کھیلے گی۔



