کراچی ; اسٹیپ اسکول تائیکوانڈو چیمپیئن شپ اختتام پذیر
8اسکولوں کے 300 سے زائد طلباء و طالبات کی پرجوش شرکت

اسٹیپ اسکول تائیکوانڈو چیمپیئن شپ اختتام پذیر
8اسکولوں کے 300 سے زائد طلباء و طالبات کی پرجوش شرکت
والدین کی بڑی تعداد میں شرکت، ایونٹ کے انتظامات اور طلبہ کے جذبے کو خوب سراہا گیا
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) دوسری اسٹیپ انٹراسکول تائیکوانڈو چیمپئن شپ کا انعقاد شاندار انداز میں کیا گیا، جس میں شہر کے مختلف آٹھ اسکولوں کے 300 سے زائد طلباء و طالبات نے بھرپور جذبے، نظم و ضبط اور کھیل کے اعلیٰ معیار کا مظاہرہ کیا۔
ایونٹ کے آرگنائزرز نور احمد عباسی (چیئرمین سندھ اسکول تائیکوانڈو) اور محمد شعیب (اسپورٹس کوآرڈینیٹر، اسٹیپ اسکول) تھے جنہوں نے ایونٹ کو پیشہ ورانہ انداز میں منظم کیا۔ شائقین میں والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی
اور بچوں کی کارکردگی پر نہ صرف خوشی بلکہ فخر کا اظہار کیا۔ والدین کا کہنا تھا کہ اسٹیپ اسکولز کی جانب سے کھیلوں، خاص طور پر مارشل آرٹس جیسے مثبت کھیلوں کو فروغ دینا طلبہ کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لیے انتہائی مفید اقدام ہے۔چیمپئن شپ کے مقابلے دو سیشنز میں ہوئے۔
پہلے سیشن میں سینیئر طلبہ نے اپنی مہارت، توازن اور تکنیک سے شائقین کو متاثر کیا، جبکہ دوسرے سیشن میں کم عمر طلبہ نے اپنے اعتماد، رفتار اور جذبے سے دادِ تحسین حاصل کی۔
ایونٹ میں نظم و ضبط، اسپورٹس مین اسپرٹ اور تائیکوانڈو کے اصولوں پر عمل قابلِ دید تھا۔چیمپئن شپ کے نتائج کے مطابق اسٹیپ اسکولز نارتھ ناظم آباد کیمپس نے شاندار کارکردگی کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی،
ناظم آباد نمبر 4 کیمپس دوسرے نمبر پر رہا، گلستانِ جوہر کیمپس نے تیسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ گلشنِ اقبال کیمپس چوتھے نمبر پر رہا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی عادل رزاق (ریجنل ہیڈ، اسٹیپ اسکولز) تھے،
جبکہ مہمانانِ اعزازی کے طور پر شہمالہ شیراز (ریجنل اکیڈمک کوآرڈینیٹر) نے شرکت کی۔ دیگر معزز مہمانوں میں اسامہ شفیع، نرجس خاتون، ایمبر امین، شازیہ شریف، صباح جاوید، نوشین جمال، شازیہ اسماعیل، سہیل موسانی،
اویس ابراہیم، شاہد علی، سید رضوان علی، سید فیصل علی، حسن درانی، فصیح، اسماعیل شاہ، جاوید خالد، کامران قمر قریشی، فراز عثمان، شہباز اور خلدون راجا شامل تھے۔
پروگرام کے دوران محمد شہباز اور ان کی ٹیم نے تائیکوانڈو کی ڈیمونسٹریشن پیش کر کے حاضرین سے زبردست داد وصول کی۔
بچوں کے شاندار مظاہرے نے یہ ثابت کیا کہ کراچی میں تائیکوانڈو جیسے فنون میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، جو اگر درست رہنمائی اور مواقع حاصل کرے تو مستقبل میں ملکی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکتا ہے۔
اختتام پر آرگنائزرز کو ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر بھرپور داد دی گئی۔ والدین، اساتذہ اور مہمانوں نے اسٹیپ اسکولز کے نظم و ضبط، طلبہ کی تربیت، کھیلوں کے فروغ اور مثبت سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔
اسٹیپ اسکولز انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی ایسے صحت مند اور تربیتی پروگرامز کے ذریعے طلبہ میں ٹیم ورک، برداشت اور خوداعتمادی کے اوصاف کو مزید فروغ دیتے رہیں گے۔اختتام پر آئے ہوئے تمام مہمانوں کو شیلڈ پیش جبکہ کامیاب کھلاڑیوں میں میڈلز تقسیم کیے گئے



