کرکٹ

وسیم اکرم نے بابر اعظم کو کیا مشورہ دیا؟

وسیم اکرم نے بابر اعظم کو کیا مشورہ دیا؟

سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے اسٹار بیٹر بابر اعظم کو فارم میں واپسی کے لیے اہم مشورہ دیا ہے، جس میں انہوں نے نوجوان کرکٹر کو ذہنی دباؤ سے آزاد ہو کر اپنی اصل کارکردگی دکھانے پر زور دیا۔

ایک نجی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ بابر اعظم پاکستان کرکٹ کا قیمتی اثاثہ اور دنیا کے بہترین بیٹرز میں سے ایک ہیں، بابر کو چاہیے کہ وہ تنقید کو نظر انداز کریں، غیر ضروری پریس کانفرنسز سے گریز کریں اور اپنی فطری کلاس پر بھروسہ کرتے ہوئے ٹیم کے لیے میچ جتوانے والی اننگز کھیلیں۔

وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ میں بابر کو یہی مشورہ دوں گا کہ پرسکون رہیں اور محنت جاری رکھیں۔ فارم وقتی ہوتی ہے لیکن کلاس ہمیشہ قائم رہتی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ بابر دوبارہ دنیا کے بہترین بیٹرز میں شمار ہوں گے اور آنے والے میچز میں شاندار کارکردگی دکھائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ بابر اعظم پہلے ہی عالمی معیار کے بیٹر ہیں، لیکن ان کی بہترین کارکردگی ابھی سامنے آنا باقی ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ وہ اپنی بیٹنگ سے دو سے تین بڑے میچز جتوا کر اپنی حیثیت مزید مستحکم کریں۔

خیال رہے کہ بابر اعظم اس وقت فارم کے بحران کا شکار ہیں۔ ان کی آخری انٹرنیشنل سنچری ایشیا کپ 2023 میں نیپال کے خلاف سامنے آئی تھی، جس کے بعد سے وہ تین ہندسوں تک اسکور کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ اسی دوران کم اسٹرائیک ریٹ کے باعث انہیں پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے بھی باہر کر دیا گیا تھا۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!