قومی ٹیم کے ہیڈکوچ مائیک ہیسن نے بابر اور رضوان کو کیا مشورہ دیا؟

قومی ٹیم کے ہیڈکوچ مائیک ہیسن نے بابر اور رضوان کو کیا مشورہ دیا؟
دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ ان کی نوجوان ٹیم ایشیا کپ 2025 میں روایتی حریف بھارت کے خلاف اتوار کو ہونے والے اہم میچ کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں عمان کے خلاف 12 ستمبر کے میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ وہ ماضی میں کئی بار پاک بھارت میچز کو باہر سے دیکھ چکے ہیں،
کبھی کوچ اور کبھی کمنٹیٹر کے طور پر۔ “اب اس ماحول کا براہِ راست حصہ ہونا ایک شاندار تجربہ ہے۔ اصل بات یہی ہے کہ ٹیم توجہ مرکوز رکھے اور اپنا کام کرے۔”
انہوں نے کہا کہ بھارت پراعتماد ہے اور ہونا بھی چاہیے، لیکن پاکستان کی ٹیم بھی دن بہ دن بہتر ہو رہی ہے۔ “ہم کسی چیلنج سے گھبراتے نہیں بلکہ اس کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔”
ہیڈ کوچ نے دبئی کی پچ کے حوالے سے کہا کہ یہ شارجہ سے مختلف ہے، تاہم پاکستان کے پاس ایک متوازن اسکواڈ موجود ہے۔ “ہمارے پاس پانچ اسپنرز ہیں، محمد نواز اس وقت دنیا کے بہترین اسپنرز میں شمار ہوتے ہیں، جبکہ پیس اٹیک بھی مضبوط ہے۔ ہم ہر طرح کی کنڈیشنز میں کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔”
بیٹنگ لائن اپ پر ہونے والی تنقید کے جواب میں مائیک ہیسن نے کہا کہ یہ ایک ترقی پذیر بیٹنگ یونٹ ہے۔ “شارجہ میں ہم اکثر اپنے مقررہ ہدف سے زیادہ رنز بناتے رہے، یہی ہماری اصل کامیابی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ کئی بیٹرز جلد فارم میں واپس آئیں گے۔”
بابر اور رضوان کے بارے میں کیا کہا؟
ایشیا کپ کے آغاز سے قبل ہیڈ کوچ نے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو بھی مشورہ دیا کہ وہ اپنی کمزوریوں پر کام کریں، خاص طور پر اسٹرائیک ریٹ میں بہتری لائیں۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی بہتری کے لیے ضروری ہے کہ کوچز انہیں ان کی خامیوں سے آگاہ کریں تاکہ وہ اپنی کارکردگی میں مزید نکھار لا سکیں۔



