دوسرا رسجا انٹرمیڈیا کرکٹ ٹورنامنٹ: رسجا اور سی ڈی اے نے اپنے اپنے میچز جیت لیے

دوسرا رسجا انٹرمیڈیا کرکٹ ٹورنامنٹ: رسجا اور سی ڈی اے نے اپنے اپنے میچز جیت لیے
اسلام آباد (این این آئی) دوسرا رسجا انٹرمیڈیا کرکٹ ٹورنامنٹ نیشنل کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں سنسنی خیز مقابلوں کے ساتھ جاری ہے۔ پیر کے روز کھیلے گئے دو میچز میں رسجا اور سی ڈی اے نے اپنے اپنے حریفوں کو شکست دے دی۔
گروپ بی کے میچ میں رسجا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 15 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔ اوپنر کاشف مجید نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے صرف 46 گیندوں پر 103 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی جبکہ احمد نواز نے 31 رنز بنائے۔
جواب میں اے آر وائی نیوز نے بھرپور جدوجہد کی۔ کاشف عباسی نے 95 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور طارق نے 41 رنز اسکور کیے تاہم ٹیم مقررہ اوورز میں 164 رنز بنا سکی۔ یوں رسجا نے یہ مقابلہ 6 رنز سے اپنے نام کر لیا۔ میچ کا بہترین کھلاڑی کا اعزاز کاشف مجید کو دیا گیا۔
گروپ اے کے دوسرے میچ میں سی ڈی اے نے پہلے کھیلتے ہوئے 15 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔ عرفان نے 32 اور ملک عطا نے 23 رنز اسکور کیے۔ جواب میں نائنٹی ٹو نیوز کی ٹیم دباؤ کا شکار رہی اور صرف 11 اوورز میں 69 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
فیصل ستی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالف بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اس طرح سی ڈی اے نے یہ مقابلہ 81 رنز کے بھاری مارجن سے اپنے نام کیا۔



