ترک سفیر کی پاکستان کو گول بال چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد

ترک سفیر کی پاکستان کو گول بال چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد
اسلام آباد، 21 اکتوبر: پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نازیروغلو نے آئی بی ایس اے ایشیا پیسیفک گول بال چیمپئن شپ 2025 کے کامیاب انعقاد پر پاکستان بلائنڈ اسپورٹس فیڈریشن مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل اقوام کے درمیان دوستی، ہم آہنگی اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ، پاکستان کے ساتھ کھیلوں کے تعلقات کو باہمی تعاون اور تجربات کے تبادلے کے ذریعے مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، کیونکہ اس طرح کے اقدامات قوموں میں اتحاد، شمولیت اور امن کو فروغ دیتے ہیں۔
پاکستان بلائنڈ اسپورٹس فیڈریشن کے صدر محمد وقاص وڑائچ جلد ترکیہ کا دورہ کریں گے تاکہ نابینا کھلاڑیوں کے کھیلوں کے فروغ کے لیے مزید اشتراک کے مواقع تلاش کیے جا سکیں۔
ترک سفیر نے امید ظاہر کی کہ پاکستان آئندہ بھی بین الاقوامی سطح کے کھیلوں کے مزید مقابلے منعقد کرتا رہے گا، جس سے پاکستانی کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہتر مواقع ملیں گے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ ترکیہ خصوصی ضرورتوں کے حامل نوجوانوں کو بااختیار بنانے والی سرگرمیوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
اس موقع پر سینیٹر دانش کمار مہمانِ خصوصی تھے جبکہ تھائی لینڈ کے سفیر رونگ وُدھی ویرا بتر اور ایرانی سفارتخانے کے عہدیداران بھی تقریب میں موجود تھے۔ مہمانوں اور دیگر معزز شخصیات نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں میڈلز تقسیم کیے۔



