کرکٹ

آئی سی سی نے ون ڈے، ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کے کھلاڑیوں کی تازہ ترین رینکنگ جاری کردی

آئی سی سی رینکنگ جاری، روہت شرما ون ڈے کے نمبر ون بیٹر بن گئے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تینوں فارمیٹس ون ڈے، ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کے کھلاڑیوں کی تازہ ترین رینکنگ جاری کردی، جس میں کئی نمایاں تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ون ڈے بیٹرز رینکنگ کے مطابق بھارتی ٹیم کے سابق کپتان روہت شرما نے پہلی بار دنیا کے نمبر ون بیٹر بننے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے، جب کہ افغان اوپنر ابراہیم زدران دوسری پوزیشن پر آگئے ہیں۔

ون ڈے رینکنگ کے مطابق بھارت کے شبمن گل دو درجے تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے، جبکہ پاکستانی کپتان بابر اعظم چوتھی پوزیشن پر بدستور برقرار ہیں۔ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل ایک درجہ ترقی کے بعد ٹاپ فائیو میں شامل ہوگئے۔

بولرز کی ون ڈے رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان بدستور پہلے نمبر پر ہیں، جب کہ نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر تین درجے ترقی کے بعد چوتھی پوزیشن پر پہنچ گئے۔ پاکستان کی جانب سے کوئی بولر ٹاپ ٹین میں جگہ نہ بنا سکا؛ البتہ شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ بہتری کے ساتھ 14ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

ٹیسٹ بیٹرز کی فہرست میں انگلینڈ کے جو روٹ بدستور سرفہرست ہیں۔ سری لنکا کے کمیندو مینڈس ایک درجہ بہتری کے ساتھ چھٹی پوزیشن پر آگئے، جب کہ پاکستانی بلے بازوں میں شان مسعود پانچ درجے ترقی کے بعد 42ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

محمد رضوان پانچ درجے تنزلی کے بعد 21ویں نمبر پر آگئے، جبکہ سعود شکیل ایک درجہ بہتری کے ساتھ 12ویں پوزیشن پر فائز ہیں۔ جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم دو درجے ترقی کے بعد 15ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

ٹیسٹ بولرز میں بھارت کے جسپریت بمرا کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری ایک درجہ بہتری کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے، جبکہ پاکستان کے نعمان علی ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی رینکنگ میں بھارت کے ابھیشک شرما اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہیں، انگلینڈ کے فل سالٹ دوسرے اور بھارت کے تلک ورما تیسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے صاحبزادہ فرحان ایک درجہ ترقی کے بعد 11ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی بولرز کی فہرست میں بھارت کے ورن چکرورتھی بدستور پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ افغانستان کے راشد خان ایک درجہ بہتری کے ساتھ تیسرے نمبر پر پہنچ گئے۔

دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز میں پاکستان کے صائم ایوب نے اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے، جبکہ ان کے ہم وطن محمد نواز آٹھ درجے ترقی کے بعد چھٹی پوزیشن پر جا پہنچے ہیں۔

آئی سی سی کی یہ تازہ درجہ بندی تینوں فارمیٹس میں کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگیوں کا عکاس ہے، جس میں بھارتی کرکٹرز کی برتری اور پاکستانی کھلاڑیوں کی جزوی بہتری نمایاں دکھائی دیتی ہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!