پاکستان کرکٹ بورڈ اور اٹلی کرکٹ فیڈریشن کا تاریخی معاہدہ
معاہدہ مرد و خواتین کرکٹ کی مشترکہ ترقی کے لیے اہم سنگ میل قرار

پاکستان کرکٹ بورڈ اور اطالوی کرکٹ فیڈریشن کے درمیان تاریخی معاہدہ طے پا گیا ہے۔
معاہدہ مرد و خواتین کرکٹ کی مشترکہ ترقی کے لیے اہم سنگ میل قرار
پی سی بی اور اٹلی کرکٹ فیڈریشن (FCRI) کے درمیان کرکٹ کے فروغ اور باہمی تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر پی سی بی کے سی او او سمیر احمد اور اٹلی کرکٹ فیڈریشن کی صدر ماریا لورینا نے دستخط کیے۔
معاہدے کو مرد و خواتین کرکٹ کی مشترکہ ترقی کے لیے تاریخی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ شراکت داری اٹلی کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کوالیفکیشن کے فوراً بعد سامنے آئی، جو یورپی کرکٹ کے بڑھتے ہوئے رجحان کی بھی عکاسی کرتی ہے۔
دونوں بورڈز کے درمیان کوچنگ اور ٹیکنیکل ایکسپرٹس کے تبادلے پر اتفاق کیا گیا ، اس کے علاوہ ٹریننگ کیمپس، ورکشاپس اور مشترکہ سیمینارز انعقاد کیا جائے گا۔
مرد و خواتین کرکٹرز کے لیے دوستانہ میچز اور دو طرفہ ٹورنامنٹس کے انعقاد ، اٹلی میں کرکٹ انفراسٹرکچر اور یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرامز کے فروغ میں تعاون ، گراؤنڈز، اکیڈمیز اور ٹیلنٹ ہنٹنگ سسٹمز کے قیام کے لیے تکنیکی معاونت پر اتفاق کیا گیا۔
پی سی بی کے سی او او سمیر احمد نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان کرکٹ اور اسپورٹس ڈپلومیسی کو نئی جہت دے گا، اور دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔



